لاہور (بیوروچیف) ضلعی انتظامیہ دودھ اور دہی کی سرکاری قیمتوں پر فروخت یقینی بنانے میں ناکام ہوگئی، شہریوں کو دونوں اشیائے ضروریہ مقررہ نرخ سے کہیں زیادہ قیمت پر خریدنا پڑ رہی ہیں۔ضلعی انتظامیہ نے دودھ کی سرکاری قیمت 170روپے فی لٹر مقرر کر رکھی ہے، تاہم اوپن مارکیٹ میں دودھ 200سے 240روپے فی لٹر تک فروخت ہورہا ہے۔دہی کی قیمت بھی سرکاری نرخ سے تجاوز کرگئی ہے اور اوپن مار کیٹ میں دہی 260سے 280روپے فی کلو تک فرو خت کیا جارہا ہے۔شہریوں کا کہنا ہے کہ سرکاری نرخ مقرر ہونے کے باوجود دکاندار من مانے دام وصول کر رہے ہیں۔ شہریوں نے ضلعی انتظامیہ سے مطالبہ کیا ہے کہ دودھ اور دہی کے سرکاری ریٹس پر عملدرآمد یقینی بنایا جائے اور زائد قیمت وصول کرنے والوں کیخلاف کارروائی کی جائے۔




