دوست ممالک سے باہمی تعاون مزید بڑھائینگے’اسحاق ڈار

اسلام آباد (بیوروچیف)نائب وزیراعظم اسحاق ڈار نے ترکیہ، ایران اور تاجکستان کے وزرائے خارجہ سے اہم ملاقاتیں کیں ، ای سی او وزرائے خارجہ کونسل کے اجلاس کے موقع پر دوطرفہ تعلقات، علاقائی تعاون اور باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔اسلام آباد میں ای سی او وزرائے خارجہ کونسل کے تیسویں اجلاس کے موقع پر نائب وزیراعظم اسحاق ڈار کی اہم ملاقاتیں ہوئیں۔ اسحاق ڈار نے ترکیہ کے نائب وزیر خارجہ موسی کولاکلیکایا سے ملاقات میں دوطرفہ تعلقات کا جائزہ لیا اور پاک ترکیہ تعلقات مزید مستحکم کرنے کے عزم کا اعادہ کیا۔ نائب وزیراعظم نے اجلاس میں ترکیہ کی فعال شرکت پر شکریہ ادا کیا جبکہ ترک نائب وزیر خارجہ نے مہمان نوازی اور اجلاس کے انتظامات کو سراہا۔ دونوں فریقین نے دوطرفہ شراکت داری مزید گہری بنانے اور قریبی رابطہ کاری برقرار رکھنے پر اتفاق کیا۔ اسحاق ڈار اور ایرانی وزیر خارجہ سید عباس عراقچی کے درمیان بھی خوشگوار ماحول میں بات چیت ہوئی، جبکہ نائب وزیراعظم نے تاجک وزیر خارجہ سراج الدین مہرالدین اور سیکرٹری جنرل ای سی او ڈاکٹر اسد مجید خان سے بھی ملاقاتیں کیں۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں