دکاندار مقررہ نرخ نامہ نمایاں جگہ پر آویزاں کریں،ڈپٹی کمشنر ساہیوال

ساہیوال (بیورو چیف) ضلعی انتظامیہ نے اشیائے خوردونوش کی قیمتوں کا ازسرنو تعین کرتے ہوئے نئی قیمتوں کا نوٹیفکیشن جاری کر دیا ہے جس کا اطلاق فوری طور پر ہوگا۔ نئی قیمتوں کی منظوری ڈسٹرکٹ پرائس کنٹرول کمیٹی کے اجلاس میں دی گئی جو ڈپٹی کمشنر کیپٹن(ر) سمیع اللہ فاروق کی زیر صدارت منعقد ہوا۔ نوٹیفکیشن کے مطابق چنا سفید موٹا 265 روپے، چنا سفید باریک 217، چنا سیاہ موٹا 230، چنا سیاہ باریک 220، دال چنا موٹی237، دال چنا باریک 214، دال مونگ 250، دال ماش 434، دال مسور 214 اور بیسن 226 روپے فی کلو مقرر کیا گیا ہے۔ چاول کائنات نئے کے نرخ 312 اور پرانے کے 337 روپے فی کلو مقرر کیے گئے ہیں جبکہ کھلے دودھ کی قیمت 160، دہی 180، مٹن 1700، بیف 800 اور 100 گرام تندوری روٹی 14 روپے فی عدد مقرر کی گئی ہے۔نوٹیفکیشن کے مطابق انڈے، برائلر گوشت اور پھل و سبزیوں کے نرخ روزانہ کی بنیاد پر طے کیے جائیں گے۔ڈپٹی کمشنر کیپٹن(ر) سمیع اللہ فاروق نے ہدایت کی کہ تمام دکاندار مقررہ نرخ نامہ نمایاں جگہ پر آویزاں کریں اور صارفین سے مقررہ نرخ سے زائد وصولی نہ کی جائے۔ انہوں نے کہا کہ مقررہ نرخوں پر اشیائے ضروریہ کی فراہمی یقینی بنانے کیلئے مارکیٹوں کی مؤثر نگرانی کی جائے اور گراں فروشی یا نرخ نامے پر عملدرآمد سے انکار کی صورت میں مروجہ قوانین کے تحت کارروائی عمل میں لائی جائے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں