فیصل آباد(سٹاف رپورٹر)ہمارے معاشی و معاشرتی، سیاسی وسماجی کا حل اور دہشتگردی و انتہا پسندی کے خاتمے کے لیے سیرت النبی صلی اللہ علیہ وسلم اور خلفا راشدین کے طرزِ حکمرانی کو اپنانا ہوگا اگر ہم فرقہ واریت کا خاتمہ اور ملکی مسائل کا حل چاہتے ہیں تو خلافت راشدہ کے سنہری اصولوں کو اپنانا ہو گا ان خیالات کا اظہار ناظم اعلی مرکزی جمعیت اہلحدیث پاکستان علامہ عبدالرشید حجازی، قاری صہیب احمد میر محمدی، علامہ ارشاد الحق اثری، رانا محمد شفیق خاں پسروری، قاری محمد حنیف ربانی آف کامونکی، مولانا شیخین توحیدی و دیگر نے منٹگمری بازار فیصل آباد میں35سالانہ خلافتِ راشدہ کانفر نس سے خطاب کے دوران کیا۔ مقررین نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ دین اسلام ہر حال میں اپنے ماننے والوں کو امن و سلامتی، پیار و محبت اور ایک دوسرے کی خیر خواہی کا حکم دیتا ہے۔ نہ صرف محرم الحرام بلکہ سال و زندگی کا ایک ایک دن ہر مسلمان کے لیے ضروری ہے کہ وہ دوسرے مسلمان کی عزت و احترام کو ملحوظ خاطر رکھتے ہوئے اسے اپنے آپ سے مقدم سمجھے۔ امن و امان کی بحالی اور اتحاد و یگانگت کی فضا پیدا کرنے کی ہر ممکن کوشش کرے۔




