لاہور (بیورو چیف)صوبائی وزیر توانائی و کھیل پنجاب ملک فیصل ایوب کھوکھر نے ورلڈ رورل ڈیویلپمنٹ ڈے کی مناسبت سے اپنے جاری کردہ بیان میں کہا ہے کہ آج کا دن ہمیں دیہی آبادی کے مسائل کے حل، ان کی ترقی اور فلاح و بہبود کے عزم کی یاد دلاتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ دیہی ترقی نہ صرف خوشحال پاکستان بلکہ ایک مضبوط اور مستحکم معیشت کی بنیاد بھی ہے، کیونکہ پاکستان کی ایک بڑی آبادی دیہی علاقوں میں آباد ہے اور ملکی معیشت میں ان کا کردار انتہائی اہمیت کا حامل ہے۔صوبائی وزیر نے کہا کہ حکومت پنجاب وزیراعلیٰ پنجاب کے وژن کے تحت دیہی علاقوں کی ترقی، بنیادی سہولیات کی فراہمی اور روزگار کے مواقع میں اضافے کے لیے بھرپور اقدامات کر رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ دیہی آبادی کی فلاح و بہبود حکومت پنجاب کی اولین ترجیحات میں شامل ہے اور اس مقصد کے لیے مختلف شعبوں میں عملی اقدامات جاری ہیں۔ملک فیصل ایوب کھوکھر نے کہا کہ دیہات میں سڑکوں کی تعمیر و بحالی، معیاری تعلیم، صحت کی سہولیات، پینے کے صاف پانی کی فراہمی اور دیگر بنیادی ضروریات کی تکمیل پر خصوصی توجہ دی جا رہی ہے تاکہ دیہی عوام کا معیارِ زندگی بہتر بنایا جا سکے۔ انہوں نے کہا کہ پسماندہ اور دور دراز علاقوں میں سہولیات کی فراہمی سے نہ صرف عوامی مشکلات میں کمی آئے گی بلکہ معاشی سرگرمیوں کو بھی فروغ ملے گا۔انہوں نے مزید کہا کہ دیہی نوجوانوں کو ہنر، روزگار اور کھیلوں کے مواقع فراہم کرنا بھی حکومت پنجاب کی ترجیحات میں شامل ہے۔




