ذہنی بیماریاں قابل علاج انہیں چھپانا نہیں چاہیے

فیصل آباد (سٹاف رپورٹر) ڈیپارٹمنٹ آف ذہنی امراض الائیڈ ہسپتال IIکے زیر اہتمام ذہنی صحت (Mental Health) کے فروغ اور شعور و آگاہی کے حوالے سے ایک اہم سیمینار کا انعقاد کیا گیا۔ سیمینار کا مقصد شہریوں اورطبی شعبے سے وابستہ افراد میں ذہنی و نفسیاتی صحت کی دیکھ بھال سے متعلق آگاہی فراہم کرنا تھا۔ سیمینار سے خطاب کرتے ہوئے خاتون محتسب پنجاب ڈاکٹر نجمہ افضل نے کہا کہ ذہنی صحت معاشرتی ترقی اور فرد کی خوشحالی کا بنیادی جزو ہے۔ ہمیں ذہنی و نفسیاتی مسائل سے متعلق جڑے منفی رویوں کو ختم کرنے اور مریضوں کو بروقت طبی معاونت کی فراہمی یقینی بنانے کے لیے مشترکہ کوششیں کرنا ہوں گی۔ پروفیسر ڈاکٹر امتیاز احمد ڈوگر نے کہا کہ ذہنی بیماریاں قابل علاج ہیں اور انہیں ہرگز چھپانا نہیں چاہیے۔ جس طرح جسمانی صحت کی دیکھ بھال ضروری ہے، اسی طرح ذہنی اور نفسیاتی تندرستی بھی ایک صحت مند اور فعال معاشرے کی بنیاد ہے۔سیمینار سے ڈاکٹر علی ذوالقرنین، ڈاکٹر علی برہان، ڈاکٹر رحمن گلزار، ڈاکٹر نعیم لغاری، اور ڈاکٹر فیض محی الدین سمیت دیگر مقررین نے بھی خطاب کیا اور ذہنی صحت کے فروغ پر روشنی ڈالی۔ تقریب میں ڈاکٹرز، میڈیکل اسٹوڈنٹس اور شرکا کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں