رائے ونڈ( نامہ نگار)عالمی اجتماع کے آغاز میں چند روز باقی رہ گئے ہیں لیکن اجتماع گاہ سندر روڈ کی تعمیر کا کام التواء کا شکار ہے ،سندر روڈ کا تاجر طبقہ معاشی بحران کا شکار ہوگیا ہے ،متعدد دکاندار خراب روڈ کی وجہ سے مقروض ہوچکے ہیں اور اپنا کاروبار سمیٹ کر محنت مزدوری کرنے پر مجبور ہوگئے ہیں ۔دوسری جانب سندر روڈ پر چلنے والی گاڑیوں کے مالکان الگ سے پریشان ہیں ،رکشہ ڈرائیور اور لوڈر گاڑیوں کی ٹوٹ پھوٹ سے اضافی بوجھ برداشت کرنا پڑ رہا ہے ۔گزشتہ کئی ماہ سے سندر روڈ کے مکین گردو غبار اڑنے سے جملہ امراض کا شکار ہوچکے ہیں ۔شہریوں نے محکمہ پبلک ہیلتھ انجینئرنگ کی غفلت پر احتجاج کرتے ہوئے کہا ہے کہ وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف رائے ونڈ سندر روڈ کی اجتماع سے قبل تعمیر کو یقینی بنانے کے لیے خصوصی احکامات جاری کریں ۔تاکہ دنیا بھر سے آنیوالے مندوبین کی مشکلات کم ہوسکیں۔




