لاہور (بیوروچیف) پنجاب حکومت نے گندم، آٹے اور روٹی کی قیمتوں کو مستحکم رکھنے کے لیے سرکاری گندم کے ذخائر کا اجرا شروع کر دیا ہے۔ڈی جی فوڈ پنجاب امجد حفیظ کا کہنا تھا کہ سرکاری گندم 3,800روپے فی 40کلوگرام کے نرخ پر فلور ملوں کو فراہم کی جا رہی ہے، جبکہ وقت گزرنے کیساتھ گندم کی قیمت میں بتدریج کمی بھی لائی جائیگی۔ انہوں نے مزید کہا کہ حکومت کی کوشش ہے کہ گندم اور آٹا عام شہریوں، خصوصا کم آمدن والے طبقے کی دسترس میں رہے، پاسکو کی 10لاکھ میٹرک ٹن گندم پنجاب حکومت کو منتقل کی جا رہی ہے تاکہ صوبے میں گندم کی وافر دستیابی یقینی بنائی جا سکے۔حکام کا کہنا ہے کہ سرکاری ذخائر کا اجرا ایک مربوط حکمت عملی کے تحت جاری رہے گا، جبکہ گندم اور آٹے کی قیمتوں کی مسلسل نگرانی کی جا رہی ہے۔ ڈی جی فوڈ پنجاب نے خبردار کیا کہ مصنوعی قلت پیدا کرنے اور ناجائز منافع خوری میں ملوث عناصر کیخلاف سخت کارروائی عمل میں لائی جائیگی۔




