رکشوں کے غیر قانونی داخلے پر پولیس کا کریک ڈائون

اسلا م آباد (بیورو چیف)اسلام آباد میں رکشوں کے غیر قانونی داخلے کیخلاف ٹریفک پولیس نے کارروائیاں تیز کرتے ہوئے مختلف علاقوں میں خصوصی ٹیمیں تشکیل دیدیں۔ترجمان پولیس کے مطابق گزشتہ ایک ہفتے کے دوران 400سے زائد رکشہ ڈرائیورز کے چالان کیے گئے جبکہ150سے زائد رکشوں کو ضبط کرکے مختلف تھانوں میں بند کیا گیا ہے۔پولیس نے ایکسپریس وے، کرنل شیر خان ایونیو، مری روڈ، سیونتھ ایونیو اور نائنتھ ایونیو پر خصو صی ناکہ جات بھی قائم کر دیئے ہیں تاکہ غیر قانونی طور پر داخل ہونیوالے رکشوں کے خلاف کارروائی کو یقینی بنایا جا سکے۔چیف ٹریفک آفیسر اسلام آباد کائنات اظہر خان نے ہدایت کی ہے کہ رکشہ ڈرائیورز مقررہ روٹس اور ٹریفک قوانین کی پابندی کریں اور غیر قانونی داخلے سے گریز کریں۔ انہوں نے کہا کہ کارروائی کو مزید مثر بنانے کیلئے زونل ڈی ایس پیز کو روزانہ کی بنیاد پر رپورٹ پیش کرنے کا پابند کیا گیا ہے۔سی ٹی او کے مطابق ٹریفک قوانین کی خلا ف ورزی پر بلاامتیاز کارروائی کا مقصد شہریوں کو حادثا ت سے محفوظ رکھنا اور ٹریفک کی روانی کو برقرار رکھنا ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ اسلام آباد ٹریفک پولیس شہریوں کو محفوظ اور منظم سفری ماحول فراہم کرنے کے لیے تمام وسائل بروئے کار لا رہی ہے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں