ریاض (مانیٹرنگ ڈیسک) سعودی عرب کے دارالحکومت ریاض پر حوثیوں کا بیلسٹک میزائل حملہ ناکام بنا دیا گیا، جس کے بعد سعودی اتحادی فوج نے یمن کے دارالحکومت صنعا میں دومیزائل لانچرز تباہ کردیے۔عرب نیوز کے مطابق تباہ کیے گئے لانچرز میں وہ لانچر بھی شامل ہے جس سے ریاض پر میزائل داغا گیا تھا۔ سعودی اتحادی فوج کے ترجمان میجر جنرل ترکی المالکی نے کہا ہے کہ حوثیوں کے میزائل نیٹ ورک کو تباہ کرنے کے لیے کارروائیاں جاری رہیں گی۔ریاض میں علی الصبح شہریوں کو موبائل فون پر فضائی حملے سے متعلق خبردار کیا گیا، تاہم کچھ دیر بعد خطرہ ٹلنے کا پیغام جاری کردیا گیا۔ریاض میں مقامی وقت کے مطابق علی الصبح 3 بج کر 42 منٹ پر شہریوں کے موبائل فون پر سول ڈیفنس کی جانب سے فضائی خطرے کا انتباہ جاری کیا گیا، تاہم چند منٹ بعد خطرہ ٹلنے کا پیغام بھیج دیا گیا۔ اتحادی فوج کے مطابق جوابی کارروائی حوثیوں کے مسلسل حملوں اور شہریوں کو نشانہ بنانے کی کوششوں کے ردعمل میں کی گئی۔سعودی عرب میں میزائل اور ڈرون حملوں میں اضافے کے باعث ریاض، جنوبی شہروں اور مغربی علاقوں کی سیکیورٹی سے متعلق خدشات بڑھ گئے ہیں۔




