ریلوے حدود میں فلم سازی اور فوٹوگرافی پر پابندی

لاہور (بیوروچیف) پاکستان ریلوے حکام نے اپنی حدود میں سرگرمیوں کو کنٹرول کرنے کے لیے نیا فیصلہ کرتے ہوئے فلم سازی اور فوٹوگرافی پر پابندی عائد کر دی ہے۔جاری کردہ ہدایات کے مطابق تمام بلاگرز، صحافیوں، وی لاگرز اور کانٹینٹ کریٹرز کے لیے ریلوے حدود میں بغیر اجازت فلم یا تصاویر بنانا ممنوع قرار دے دیا گیا ہے۔ سوشل میڈیا انفلوئنسرز بھی پیشگی تحریری اجازت کے بغیر کوئی ویڈیو یا تصویر نہیں بنا سکیں گے۔حکام کے مطابق فوٹوگرافی یا ویڈیو گرافی کے لیے پاکستان ریلوے ہیڈکوارٹر سے باقاعدہ اجازت نامہ حاصل کرنا لازمی ہوگا۔اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ اس پابندی میں معاونت کرنے والے ریلوے ملازمین کے خلاف سخت محکمانہ کارروائی عمل میں لائی جائے گی، جبکہ خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف متعلقہ قوانین کے تحت قانونی کارروائی بھی کی جائے گی۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں