ریلوے کے 172غیر فعال انجنوں کی بحالی کا منصوبہ

لاہور( بیورو چیف)پاکستان ریلویز نے 172 غیر فعال انجنوں کی بحالی کا منصوبہ تیار کر لیا ہے، 4 ماہ میں 36 انجن فعال ہونے کا امکان ہے۔ذرائع کے مطابق پاکستان ریلویزنے غیر فعال انجنوں کی ہنگامی بنیادوں پر مرمت کرانے کا فیصلہ کیا ہے۔ریلویز کے پاس مختلف ماڈلز کے مجموعی طور پر 439 انجن موجود ہیں جن میں سے 267 فعال جبکہ 172 غیر فعال ہیں۔ذرائع کے مطابق پاکستان ریلویزنے 69 انجنوں کی مرمت کے لیے متعلقہ مینوفیکچرر سے رابطہ کیا ہے جبکہ ان انجنوں کی بحالی کے لیے سپیئر پارٹس کی فراہمی پر بات چیت جاری ہے۔ آئندہ چار ماہ کے دوران 36 غیر فعال انجنوں کو کارآمد بنانے کا امکان ہے۔ذرائع کے مطابق زیڈ سی یو ماڈل کے 20 انجن آئندہ 2 ماہ میں فعال ہو جائیں گے جبکہ اے جی ای ماڈل کے 16 انجن فروری 2027 تک فعال کرنے کا منصوبہ ہے۔جی ایم یو ماڈل کے 35 انجنوں کو جدید بنانے اور ان کی مرمت کے لیے پی سی ون تیار کر کے وزارت منصوبہ بندی کو بھجوا دیا گیا ہے تاہم وزارت منصوبہ بندی کی جانب سے تاحال اس پر جواب موصول نہیں ہوا۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں