فیصل آباد(سٹاف رپورٹر) موسمیاتی تبدیلی کے بڑھتے ہوئے دباؤ، قدرتی وسائل میں کمی اور خوراک کی بڑھتی ہوئی طلب کے تناظر میں زرعی محققین، جامعات، محکمہ توسیع زراعت، کاشتکارو ں اور نجی شعبے کے درمیان مضبوط روابط کو رواج دینا ناگزیر ہے۔ ان خیالات کا اظہار زرعی یونیورسٹی فیصل آباد کے وائس چانسلر ڈاکٹر ذوالفقار علی نے ریجنل ایگریکلچر فورم سنٹرل پنجاب کے اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا۔ شرکاء نے اس امر پر زور دیا کہ زرعی تحقیق اور اس کے عملی اطلاق کے درمیان موجود خلا کو مؤثر ریسرچ، ایکسٹینشن اور فارمر روابط کے ذریعے پُر کرنے کے ساتھ ساتھ کاشتکاروں کے لیے قابلِ عمل حل تیار کرنے میں صنعت کے کردار کو بھی بڑھایا جائے۔ اجلاس میں زرعی تحقیق، ٹیکنالوجی کی منتقلی اور موسمیاتی تبدیلیوں کے مقابلے کے لیے زرعی شعبے کی استعداد بڑھانے سمیت مختلف امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ اجلاس میں گندم، کپاس، چاول، گنا اور دیگر فصلوں سے متعلق امور زیر بحث آئے۔ پروفیسر ڈاکٹر ذوالفقار علی نے کہا کہ سائنسی تحقیق کو ایسی ٹیکنالوجیز اور زرعی طریقوں میں ڈھالنے کی ضرورت ہے جنہیں کاشتکار آسانی سے عملی طور پر اختیار کر سکیں۔ اجلاس میں موسمیاتی لحاظ سے سمارٹ زراعت کے فروغ کی ضرورت پر بھی غور کیا تاکہ قدرتی وسائل کے تحفظ، زرعی پیداوار میں اضافے اور کاشتکاروں کے ذریعہ معاش کو مستحکم بنانے کے مقاصد بیک وقت حاصل کیے جا سکیں۔




