ساہیوال میں ایل پی جی مہنگے داموں فروخت

ساہیوال (بیورو چیف) ایل پی جی 450 روپے فی کلو فروخت ہونے لگی مہنگی گیس سے شہری پریشان، اسسٹنٹ کمشنر سے کارروائی کا مطالبہ۔ ساہیوال اور گردو نواح میں ایل پی جی کی قیمت میں ہوشربا اضافہ دیکھنے میں آیا ہے، جس نے غریب اور متوسط طبقے کے شہریوں کی مشکلا ت میں بے پناہ اضافہ کر دیا ہے۔ اوگرا کی جانب سے سرکاری نرخ 241 روپے فی کلو مقرر ہونے کے باوجود بازار میں ایل پی جی 450 روپے سے 470 روپے فی کلو تک فروخت کی جارہی ہے، جبکہ گھریلو سلنڈر کی قیمت 5300 سے 5400 روپے تک پہنچ چکی ہے جو پہلے 2900 روپے میں دستیاب تھا۔ تفصیلات کے مطابق ساہیوال شہر سمیت دیگر علاقوں میں ایل پی جی ڈیلرز نے مصنوعی قلت پیدا کر کے من مانے نرخ وصول کرنا شروع کر رکھے ہیں۔ شہریوں کا کہنا ہے کہ دکاندار کھلم کھلا کہتے ہیں کہ مال پیچھے سے مہنگا آرہا ہے، لینا ہے تو لو ورنہ چلے جاؤ ۔علاقے کے رہائشییوںنے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ہم مزدور طبقے سے تعلق رکھتے ہیں، دن بھر محنت کر کے 800 روپے کماتے ہیں، اب ایک سلنڈر ہی 5400 روپے کا ہو گیا ہے۔ حکومت سوئی گیس دینے میں ناکام ہے اور ایل پی جی مافیا کو کھلی چھوٹ دے دی گئی ہے۔ ہمارے لیے دو وقت کا کھانا پکانا بھی نا ممکن ہو گیا ہے، ہمارے بچے کریں بھوکے سونے پر مجبور ہیں۔ گھر یلو خواتین کا کہنا تھا کہ لکڑی کا چولہا جلانے پر گھروں میں دھواں بھر جاتا ہے جس سے بچے بیمار ہو رہے ہیں۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں