ساہیوال (بیورو چیف) ساہیوال اور گرد و نواح کے مختلف علاقوں میں غیر قانونی کاروبار تیزی سے پھیل رہا ہے، جہاں بغیر لائسنس و رجسٹریشن کے پٹرول ایجنسیاں اور ایل پی چی شاپس کھلے عام سرگرم ہیں۔ ان مقامات پر آتش گیر مادوں کی غیرمحفوظ خرید وفروخت جاری ہے، جس سے کسی بھی وقت بڑے حادثے کا خطرہ برقرار ہے۔ ذرائع کے مطابق ان غیر قانونی سرگرمیوں کے ساتھ مبینہ طور پر بھتہ وصولی کا سلسلہ بھی جاری ہے۔ نام ظاہر نہ کرنے کی شرط پر ایک ایل پی جی دکاندار نے بتایا کہ مختلف علاقوں میں سول ڈیفنس سے وابستہ بعض افراد کی جانب سے باقاعدگی سے رقم وصول کی جاتی ہے جبکہ بعض دکانداروں سے الگ الگ شرح کے تحت وصولی کی جاتی ہے۔ ان کے مطابق تحقیقات کے باعث وہ مزید تفصیل یا اپنی شناخت ظاہر نہیں کر سکتے۔ ذرائع کے مطابق یہ سارا نظام یک غیر رسمی رابطہ نیٹ ورک کے تحت چلایا جارہا، ایک شخص مختلف دکانوں سے رقم اکٹھی کر کے مبینہ طورپر متعلقہ افسران تک پہنچاتا ہے یہ کاروباری مراکز رہائشی علاقوں اور مرکزی شاہراہوں کے قریب قائم ہیں، جہاں حفاظتی اقدامات نہ ہونے کے برابر ہیں ۔ ایل پی جی سلنڈرز کی غیر محفوظ ذخیرہ اندوزی اور غیر تربیت یافتہ عملے کے ذریعے کام معمول بن چکا ہے جو کسی بڑے حادثے کا سبب بن سکتا ہے۔ مقامی افراد کا کہنا ہے کہ کسی بھی لمحے معمولی ہی چنگاری ایک بڑے سانچے میں تبدیل ہو سکتی ہے مگر متعلقہ اداروں کی خاموشی سوالیہ نشان بنی ہوئی ہے۔




