ساہیوال (بیوروچیف) اسسٹنٹ ڈائریکٹر زراعت و اسسٹنٹ کنٹرولر فرٹیلائزر تحصیل دیپالپور سید سجاد حیدر نے مشکوک اور غیر معیاری کھاد کی فروخت کے خلاف کارروائی کرتے ہوئے کھاد کی 14 بوریاں قبضے میں لے لیں اور دو نامزد سمیت دو نامعلوم ملزمان کے خلاف مقدمہ درج کروا دیا۔ تفصیلات کے مطابق ہیڈ سلیمانکی روڈ، حویلی لکھا روڈ پر ایک لوڈر رکشہ میں 14 بوریاں مشکوک کھاد فروخت کی غرض سے لے جائی جا رہی تھیں۔ اطلاع ملنے پر اسسٹنٹ ڈائریکٹر زراعت سید سجاد حیدر نے فوری کارروائی کرتے ہوئے کھاد کو قبضے میں لے لیا، جس کی مجموعی مالیت تقریباً 2 لاکھ 45 ہزار روپے بتائی جاتی ہے۔ کارروائی کے دوران ملزمان محمد اسلم ولد سجوار، عبداللہ ولد محمد اسلم اور دو نامعلوم افراد سے کھاد کی سیل انوائس اور دیگر ضروری دستاویزات طلب کی گئیں، تاہم وہ متعلقہ ریکارڈ پیش کرنے میں ناکام رہے، جس پر ان کے خلاف مقدمہ درج کروا دیا گیا۔ محکمہ زراعت کی جانب سے قبضے میں لی گئی 14 بوریوں میں سے تین سیل بند بوریوں کے نمونے حاصل کرکے تجزیے کے لیے لیبارٹری بھجوا دیے گئے ہیں تاکہ کھاد کے معیار اور اصلیت کا تعین کیا جا سکے۔ محکمہ زراعت کے اس اقدام کو کھاد کی غیر قانونی خرید و فروخت کی روک تھام اور کسانوں کو معیاری زرعی مداخل کی فراہمی یقینی بنانے کی جانب اہم پیش رفت قرار دیا جا رہا ہے۔




