فیصل آباد (سٹاف رپورٹر) ایس ایچ او تھانہ بلوچنی نے ستارہ کیمیکل انڈسٹریز لمیٹڈ سے کیمیکل چوری کرنیوالے 6ملزمان کو گرفتار کر کے بازپرس شروع کر دی۔ تفصیل کے مطابق ستارہ کیمیکل انڈسٹریز شیخوپورہ روڈ کے سپروائزر پراسیس نے پولیس کو دی جانیوالی درخواست میں بتایا کہ 2ستمبر کی درمیانی شب وہ گودام کا معائنہ کرنے گیا تو وہاں پر کام کرنے والے جماعت علی ولد صدیق’ عبدالمومن ولد کامل’ ذیشان علی ولد محمد بوٹا’ امتیاز علی ولد یعقوب’ وقار ولد جمیل’ ذیشان علی ولد ریاض وغیرہ سلفیورک ایسڈ کے ٹینکر سے 2 عدد ڈرم سلفیورک ایسڈ کے الگ رکھتے ہوئے اور چیکنگ ٹیم کو دیکھتے ہی ٹینکر کا پائپ کھلا چھوڑ کر بھاگ گئے جس سے تقریباً 12ٹن سلفیورک ایسڈ ضائع ہو گیا۔ کمپنی کو لاکھوں کا نقصان ہوا جس پر ایس ایچ او تھانہ بلوچنی محسن عباس نے اپنی ٹیم کے ہمراہ کامیاب چھاپہ مار کر چھ ملزمان امتیاز’ وقار’ ذیشان’ جماعت علی ‘ ذیشان علی اور عبدالمومن کو گرفتار کر کے بازپرس شروع کر دی ہے۔ ذرائع کے مطابق مذکورہ ملزمان کافی عرصہ سے کیمیکل چوری کرتے چلے آ رہے تھے۔




