ستھرا پنجاب پروگرام میں غفلت برداشت نہیں کی جائیگی

سرگودھا (بیورو چیف) ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر میونسپل سروسز چوہدری محمد اکمل کی زیر صدارت اجلاس میں ضلع بھر کی تمام تحصیلوں میں ستھرا پنجاب پروگرام کے تحت دیہاتوں میں صفائی ستھرائی کے انتظامات اور جاری سرگرمیوں کی مانیٹرنگ کا جائزہ لیا گیا۔ اجلاس میں اسسٹنٹ کمشنرز،چیف آفیسرز میونسپل کارپوریشن، اسسٹنٹ ڈائریکٹرز لوکل گورنمنٹ اور ستھرا پنجاب کے فیلڈ افسران نے شرکت کی۔ چوہدری محمد اکمل نے ہدایت کی کہ لوکل گورنمنٹ اور ستھرا پنجاب کے فیلڈ افسران دیہی علاقوں میں صفائی کے انتظامات کی باقاعدگی سے نگرانی کریں اور درپیش مسائل و شکایات کی فوری نشاندہی کرتے ہوئے ان کے بروقت ازالے کو یقینی بنائیں۔ انہوں نے واضح کیا کہ صفائی سے متعلق موصول ہونے والی شکایات پر فوری کارروائی کی جائے اور متعلقہ کنٹریکٹرز کو مقررہ وقت میں مسائل حل کرنے کا پابند بنایا جائے۔ انہوں نے کہا کہ اگر کوئی کنٹریکٹر رپورٹ ہونے والی شکایت کا دو گھنٹے کے اندر ازالہ نہیں کرتا تو اس کے خلاف جرمانے سمیت قواعد کے مطابق کارروائی عمل میں لائی جائے۔ تمام متعلقہ افسران فیلڈ میں اپنی موجودگی یقینی بنائیں اور صفائی کے عملے کی کارکردگی کو مؤثر انداز میں مانیٹر کریں۔ اے ڈی سی میونسپل سروسز نے مزید کہا کہ ستھرا پنجاب وزیرِ اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کا فلیگ شپ پروگرام ہے، جس پر کسی قسم کا سمجھوتہ نہیں کیا جا سکتا۔ تمام متعلقہ افسران اور عملہ اپنی ذمہ داریاں پوری محنت، فرض شناسی اور پیشہ ورانہ جذبے کے ساتھ ادا کریں تاکہ شہری اور دیہی علاقوں میں صفائی کے معیار کو بہتر بنایا جا سکے اور عوام کو صاف ستھرا ماحول فراہم کیا جا سکے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں