فیصل آباد( سٹاف رپورٹر)چیئر مین فیصل آباد انڈسٹریل اسٹیٹ ڈویلپمنٹ اینڈمینجمنٹ کمپنی( فیڈمک) رانا اظہر وقار نے کہا ہے کہ پاکستان بے پناہ معاشی صلاحیتوں کا حامل ہے تاہم سرمایہ مارکیٹ کو مستحکم بنانے اور ملکی و غیر ملکی سرمایہ کاری کے فروغ کیلئے اصلاحا ت ناگزیر ہیں۔ مضبوط سرمایہ مارکیٹ نہ صرف کاروبار ی اداروں کو طویل المدتی مالی وسائل فراہم کرتی ہے بلکہ بینکوں پر انحصار کو بھی کم اور قومی معیشت کی پائیدار ترقی میں اہم کردار ادا کرتی ہے۔ انہو ںنے پالیسیوں کے تسلسل، ضوابط کو آسان بنانے، مالیاتی شعبے میں ڈیجیٹل تبدیلی اور مالیاتی آگاہی بڑھا نے پر زور دیتے ہوئے کہا کہ موثر سرمایہ مار کیٹ گھریلو بچت کو پیداواری سرمایہ کاری میں تبدیل کرتی، کاروباری توسیع اور جدت کی حوصلہ افزائی کرتی اور سرمایہ کاروں کا اعتماد مضبوط بناتی ہے۔ انہوں نے حکومت، ریگولیٹری اداروں، مالیاتی اور نجی شعبے پر زور دیا کہ وہ مل کر ایک شفاف، مضبوط اور جامع سرمایہ مارکیٹ کی تشکیل کے لیے کام کریں تاکہ پاکستان کی طویل المدتی معاشی خوشحالی اور عالمی مسابقت کو فروغ دیا جا سکے۔




