اسلام آباد (بیوروچیف) وفاق نے سرکاری افسران کے بیرون ملک سفر کے نظام کو ڈیجیٹل کرنے کا فیصلہ کرلیا، جس کے تحت سرکاری ملازمین کے غیر ملکی دوروں اور عدم اعتراض سرٹیفکیٹس (این او سی) کا ریکارڈ آن لائن مرتب کیا جائے گا۔ذرائع کے مطابق سرکاری افسران کو بیرون ملک سفر سے قبل متعلقہ محکمے سے این او سی حاصل کرنا ہوگا، جبکہ ہر محکمہ افسر کا عدم اعتراض سرٹیفکیٹ آن لائن پورٹل کے ذریعے ایف آئی اے کو بھجوائے گا۔ بیرون ملک روانگی سے قبل این او سی کی ڈیجیٹل تصدیق کی جائے گی۔ایف آئی اے نے این او سی کی تصدیق کے معاملے پر سرکاری محکموں کے ساتھ کوآرڈینیشن شروع کردی ہے۔ نئے نظام کے تحت جاری کیے جانے والے این او سی کا ڈیٹا ایف آئی اے کے آن لائن نظام سے منسلک کیا جائے گا جبکہ سرٹیفکیٹ پر کیو آر کوڈ بھی موجود ہوگا۔ایئرپورٹس پر ایف آئی اے امیگریشن کانٹرز پر کیو آر کوڈ اسکین کرکے این او سی کی تصدیق کی جائے گی، جس سے جعلی یا غیر مستند سرٹیفکیٹ فوری طور پر سسٹم میں پکڑا جا سکے گا۔ حکام کا مقصد کاغذی این او سی کے بجائے ڈیجیٹل تصدیقی نظام کے ذریعے جعلی دستاویزات پر سرکاری افسران کے بیرون ملک سفر کی کوششوں کو روکنا ہے۔اس کے علاوہ بغیر این او سی بیرون ملک سفر کرنے والے سرکاری ملازمین کی نگرانی بھی سخت کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ نئے ڈیجیٹل نظام کے ذریعے سرکاری افسران کے بیرون ملک دوروں اور جاری شدہ این او سیز کا مرکزی ڈیٹا مرتب کیا جائے گا۔




