سرگودھا(بیورو چیف)کمشنر سرگودھا ڈویژ ن حافظ شوکت علی نے ڈپٹی کمشنر سرگودھا حسین احمد رضا چوہدری کے ہمراہ ضلع سرگودھا میں ہائی ویلیو سرکاری املاک اور ریونیو جنریشن کے لیے مختص جائیدادوں کا تفصیلی دورہ کیا۔دورے کے دوران کمشنر نے مختلف سرکاری املاک کی موجودہ صورتحا ل ، انکے موثر استعمال، تحفظ اور ریونیو میں اضافے کے امکانات کا جائزہ لیا۔ انہوں نے متعلقہ افسران کو ہدایت کی کہ قیمتی سرکاری جائیدادوں کو قومی اثاثہ سمجھتے ہوئے ان کی بہترین دیکھ بھال یقینی بنائی جائے اور ایسی تمام املاک کو زیادہ سے زیادہ عوامی مفاد اور حکومتی آمدن میں اضافے کے لیے بروئے کار لایا جائے۔کمشنر حافظ شوکت علی نے کہا کہ وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کے وژن کے مطابق سرکاری وسائل کے موثر استعمال، شفاف انتظامی نظام اور ریونیو میں اضافے کے لیے تمام ممکنہ اقدامات کیے جا رہے ہیں۔ انہوں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ سرکاری املاک کے بہتر انتظام، تحفظ اور مؤثر استعمال کے ذریعے عوامی وسائل کو مزید مضبوط بنایا جائے گا۔ڈپٹی کمشنر حسین احمد رضا چوہدری نے کمشنر کو متعلقہ املاک اور ریونیو جنریشن سے متعلق جاری اقدامات پر بریفنگ دی، جبکہ دورے کے دوران متعلقہ محکموں کے افسران بھی موجود تھے۔




