جڑانوالہ(نامہ نگار) تھانہ صدر کی حدود میں سرکاری کھال کے اوپر سے گزرنے کیلئے لکڑی کا پھٹہ رکھنے کے تنازعہ پر باپ بیٹوں نے فائرنگ کرکے 17 سالہ نوجوان کو موت کے گھاٹ اتار دیا،وقوعہ چک نمبر 64 گ ب میں پیش آیا۔ تفصیلات کے مطابق جڑانوالہ تھانہ صدر کی حدود چک نمبر 64 گ ب میں سرکاری کھالے کے اوپر سے گزرنے کیلئے لکڑی کا پھٹہ رکھنے کے تنازعہ پر دونوں فریقین کے درمیان تلخ کلامی ہوئی جس پر دیہہ ہذا کی رہائشی باپ بیٹوں رمضان،اکبر وغیرہ نے فائرنگ کرکے 17سالہ نوجوان اکرام ولد رمضان کو موت کے گھاٹ اتار دیا اور فرار ہو گئے۔ قتل کی لرزہ خیز واردات سے گائوں کی فضا سوگوار ہو گئی، اطلاع پر ریسکیو ٹیم اور پولیس نے جائے وقوعہ پر پہنچ کر لاش کو تحویل میں لیکر پوسٹمارٹم کیلئے ٹی ایچ کیو ہسپتال منتقل کیا۔ پولیس نے ضروری کارروائی کے بعد لاش کو ورثا کے حوالہ کر دیا۔ پولیس کا کہنا ہے کہ قتل میں ملوث افراد کو جلد از جلد گرفتار کر لیا جائے گا۔ پولیس تھانہ صدر نے مقدمہ درج کرکے مزید کارروائی کا آغاز کر دیا ہے۔




