فیصل آباد (سٹاف رپورٹر) وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کے ویژن کے مطابق واسا فیصل آباد نے قیمتی انسانی جانوں کا تحفظ یقینی بنانے کیلئے تمام سرکاری ہسپتالوں میں فائرہائیڈر ینٹس کی تنصیب کا سلسلہ شروع کردیا ہے جس کے پہلے مرحلے میں الائیڈ ہسپتال کے مختلف مقامات پر4فائر ہائیڈرینٹس نصب کردیئے گئے ہیں اسی طرح اب دیگر ہسپتالوں میں مزید 16فائر ہائیڈرینٹس نصب کئے جائیں گے۔ مینجنگ ڈائریکٹر واسا ثاقب رضا نے کہا کہ وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کے ویژن کے مطابق کسی بھی ہنگامی صورتحال میں قیمتی انسانی جانوں کے تحفظ کیلئے واسا فیصل آباد پرعزم ہے جس کے تحت الائیڈ ہسپتال میں 4 فائر ہائیڈریٹنس نصب کر دیئے گئے ہیں جبکہ اسی طرح الائیڈ ہسپتال ٹو میں 4، چلڈرن ہسپتال میں 2، ایف آئی سی میں 2، جنرل ہسپتال سمن آباد میں 2، جنرل ہسپتال غلام محمد آباد میں 2 اور نصرت فتح علی خاں ہسپتال میں بھی 2 فائر ہائیڈرینٹس نصب کئے جائیں گے جو 5 ستمبر تک مکمل کر لئے جائیں گے۔ اگر کسی ہسپتال میں مزید فائر ہائیڈرینٹس کی ضرورت سامنے آئی تو وہ بھی پوری کریں گے۔ انہوں نے مزید کہا کہ واسا فیصل آباد وزیراعلی پنجاب مریم نواز شریف کے پروگرامز پر بھرپور سپرٹ کے ساتھ عمل درآمد کررہا ہے اور اس انتہائی اہمیت کے پروگرام پر کسی قسم کا سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا۔




