سرگودھا(بیورو چیف) سرگودھا شہر میں بارش کے بعد ضلعی انتظامیہ، واسا، ستھرا پنجاب، میونسپل کارپوریشن، کنٹونمنٹ بورڈ اور دیگر اداروں نے مشترکہ ہنگامی آپریشن کرتے ہوئے شہر کے بڑے کاروباری علاقوں اور اہم شاہراہوں سے بارشی پانی کی نکاسی یقینی بنائی۔ ڈپٹی کمشنر حسین احمد رضا چوہدری فیلڈ میں پہنچ گئے اور دن بھر مختلف علاقوں، ڈسپوزل اسٹیشنز اور نکاسی آب کے مقامات کا دورہ کرتے ہوئے آپریشن کی خود نگرانی کرتے رہے ۔ ڈپٹی کمشنر نے سول ہسپتال چوک، کچہری بازار، امین بازار، سٹی روڈ، خوشاب روڈ، گول چوک، بلاک نمبر 12، عیدگاہ روڈ، لاری اڈا، مسلم بازار، قینچی موڑ ، 49 ٹیل، 47 پل، سلانوالی روڈ ڈسپوزل، رحمت للعالمین پارک، اسلام پورہ، سیٹلائٹ ٹاؤن، گل والا اور دیگر نشیبی علاقوں کا معائنہ کیا۔ اس موقع پر ایم ڈی واسا ابوبکر عمران، سی ای او کنٹونمنٹ بورڈ ارسلان حیدر اور متعلقہ افسران بھی ان کے ہمراہ موجود رہے۔ شدید بارش کے باوجود واسا کے تمام ڈسپوزل اسٹیشن مکمل استعداد کے ساتھ فعال رہے جبکہ 2 سو سے زائد ورکرز، سکشن مشینیں اور دیگر مشینری مسلسل نکاسی آب میں مصروف رہیں۔ کمپنی باغ کے 15 لاکھ گیلن اور رحمت للعالمین پارک کے 10 لاکھ گیلن گنجائش والے انڈر گراؤنڈ واٹر اسٹوریج ٹینکس مکمل طور پر استعمال کیے گئے، جہاں سے پانی مسلسل ڈرین آؤٹ کیا جاتا رہا تاکہ نشیبی علاقوں سے پانی فوری منتقل کیا جا سکے۔
بارش کے دوران گورنمنٹ ٹی بی ہسپتال میں پانی داخل ہونے پر ڈپٹی کمشنر نے فوری نوٹس لیا، جس کے بعد انتظامیہ نے انتہائی کم وقت میں ہسپتال سے پانی نکال کر صورتحال معمول پر لے آئی۔ یونیورسٹی روڈ پر 47 پل کے ڈسپوزل کی موٹر خراب ہونے کے باوجود متبادل موٹر نصب کر کے آپریشن بحال کیا گیا، جبکہ کنٹونمنٹ بورڈ اور واسا نے مشترکہ طور پر اس علاقے سے پانی کی نکاسی کا عمل تیز کیا۔ ڈپٹی کمشنر حسین احمد رضا چوہدری نے واسا کے ورکرز سے ملاقات کر کے ان کی کارکردگی کو سراہا اور ان کا حوصلہ بڑھایا۔ انہوں نے کہا کہ شہریوں کو ریلیف کی فراہمی اولین ترجیح ہے، اسی لیے تمام وسائل بروئے کار لائے جا رہے ہیں اور نکاسی آب کا آپریشن آخری متاثرہ علاقے تک بلا تعطل جاری رکھا جائے گا۔




