سرگودھا ڈویژن کے تمام سرکاری محکمے عوامی شکایات کے ازالے کیلئے بہتر کام کررہے ہیں

سرگودھا ( بیورو چیف)صوبائی محتسب آفس کی30ویں سالگرہ کے سلسلے میں ریجنل آفس سرگودھا میں ایک تقریب منعقد ہوئی جس میں کمشنر سرگودھا ڈویژن حافظ شوکت علی، ریجنل پولیس آفیسر شہزادآصف خان، ڈپٹی کمشنر حسین احمد رضا چوہدری، ایڈوائزر صوبائی محتسب سرگودھا ریجن محمد الیاس گل اور دیگر افسران نے شرکت کی۔تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کمشنر حافظ شوکت علی نے صوبائی محتسب آفس کے تمام افسران اور ملازمین کو ادارے کی 30ویں سالگرہ پر مبارکباد پیش کی۔ انہوں نے کہا کہ سرگودھا ڈویژن کے تمام سرکاری محکمے عوامی خدمات، ترقیاتی کاموں اور عوامی شکایات کے ازالے کے لیے بہترین انداز میں کام کر رہے ہیں۔انہوں نے کہا کہ ایڈوائزر صوبائی محتسب سرگودھا ریجن محمد الیاس گل میرے سمیت ڈویژن کے تمام افسران کے ساتھ مسلسل رابطے میں رہتے ہیں، جس سے عوامی شکایات کے بروقت ازالے میں مدد ملتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ضلعی انتظامیہ اور صوبائی محتسب آفس مل کر عوام کو مزید بہتر انداز میں خدمات فراہم کریں گے۔آر پی او نے کہا کہ صوبائی محتسب آفس عوام کو مفت اور فوری انصاف کی فراہمی میں اہم کردار ادا کر رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ وہ سرگودھا ریجن کے چاروں اضلاع کے ڈی پی اوز کو ہدایت کرتے ہیں کہ صوبائی محتسب آفس سے موصول ہونے والی شکایات پر فوری کارروائی کو یقینی بنایا جائے۔سیکریٹری صوبائی محتسب قیصر سلیم نے بتایا کہ گزشتہ سال صوبائی محتسب آفس کو ریکارڈ تقریباً 70 ہزار درخواستیں موصول ہوئیں۔، جبکہ اس سے قبل سالانہ درخواستوں کی تعداد 35 ہزار سے زیادہ نہیں ہوتی تھی۔ انہوں نے کہا کہ عوامی خدمت پروگرام، ڈیجیٹائزیشن اور تربیتی پروگراموں کے ذریعے ادارے کی کارکردگی میں مزید بہتری آئی ہے۔ایڈوائزر صوبائی محتسب سرگودھا ریجن محمد الیاس گل نے اپنے دفتر کی کارکردگی اور عوامی شکایات کے ازالے کے لیے کیے جانے والے اقدامات پر روشنی ڈالی۔ انہوں نے کہا کہ صوبائی محتسب عائشہ حامد نے گزشتہ دو برس کے دوران ادارے میں مؤثر اصلاحات متعارف کرائی ہیں، جن کے مثبت نتائج سامنے آ رہے ہیں۔انہوں نے بتایا کہ موبائل وین پروگرام کے تحت دور دراز علاقوں میں جا کر شہریوں سے تقریباً پانچ ہزار درخواستیں وصول کی گئیں، جس سے محتسب آفس کی خدمات ان علاقوں تک پہنچانے میں مدد ملی جہاں شہریوں کے لیے ریجنل دفتر تک رسائی مشکل تھی۔تقریب کے اختتام پر معزز مہمانوں اور افسران میں شیلڈز تقسیم کی گئیں، جبکہ کمشنر حافظ شوکت علی، آر پی او شہزاد آصف خان اور دیگر افسران نے صوبائی محتسب آفس کی 30ویں سالگرہ کا کیک کاٹا۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں