سرگودھا کی چاروں تحصیلوں میں18ارب کے ترقیاتی منصوبے جاری

سرگودھا (بیورو چیف) ڈپٹی کمشنر حسین احمد رضا چوہدری کی زیر صدارت وزیراعلیٰ پنجاب کے خصوصی فنڈز سے ضلع کی چار تحصیلوں بھیرہ، بھلوال، سلانوالی اور ساہیوال میں جاری تقریباً 18ارب روپے کے پنجاب ڈویلپمنٹ پروگرام (پی ڈی پی) کے ترقیاتی منصوبوں پر اب تک کی پیش رفت کے حوالے سے اجلاس منعقد ہوا۔ اجلاس میں ڈپٹی ڈائریکٹر ڈویلپمنٹ مہتاب یاسین، اسسٹنٹ ڈائریکٹر پی ڈی پی حامد چھٹہ اور متعلقہ افسران نے شرکت کی۔ اجلاس میں چاروں تحصیلوں میں جاری مختلف ترقیاتی منصوبوں کی پیش رفت، کام کی رفتار، منصوبوں کی موجودہ صورتحال اور آئندہ کے مراحل سے متعلق ڈپٹی کمشنر کو تفصیلی بریفنگ دی گئی۔ بتایا گیا کہ تحصیل بھیرہ، بھلوال، سلانوالی اور ساہیوال میں پنجاب ڈویلپمنٹ پروگرام کے تحت مختلف شعبوں میں ترقیاتی کام جاری ہیں، جن پر مجموعی طور پر تقریباً 18 ارب روپے کے فنڈز خرچ کیے جا رہے ہیں۔ افسران نے منصوبوں پر اب تک ہونے والی پیش رفت اور تکمیل کے حوالے سے مقررہ اہداف سے بھی آگاہ کیا۔ڈپٹی کمشنر نے ہدایت کی کہ تمام جاری ترقیاتی منصوبوں پر کام کی رفتار کو مزید تیز کیا جائے اور منصوبوں کی تکمیل میں غیر ضروری تاخیر ہرگز نہ ہونے دی جائے۔ انہوں نے متعلقہ افسران کو فیلڈ میں منصوبوں کی باقاعدگی سے نگرانی، تعمیراتی کام کے معیار کی جانچ اور مقررہ ٹائم لائن کے مطابق پیش رفت یقینی بنانے کی ہدایت کی۔انہوں نے مزید کہا کہ وزیراعلیٰ پنجاب کے خصوصی فنڈز سے شروع کیے گئے ترقیاتی منصوبے عوام کو بہتر بنیادی سہولیات کی فراہمی کے حوالے سے اہمیت کے حامل ہیں۔ ترقیاتی منصوبوں میں شفافیت، معیار اور بروقت تکمیل پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا جبکہ تمام متعلقہ محکمے باہمی رابطے کے ذریعے منصوبوں کی پیش رفت کو مؤثر انداز میں مانیٹر کریں۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں