سرگودھا(بیورو چیف) وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کی خصوصی کاوشوں سے سرگودھا میں قائم نواز شریف انسٹیٹیوٹ آف کارڈیالوجی خطے کے عوام کو جدید اور معیاری امراض قلب کے علاج کی سہولیات کی فراہمی میں اہم سنگ میل ثابت ہو رہا ہے۔ہسپتال میں دل کی سرجری کے شعبے کا باقاعدہ آغاز کرتے ہوئے پہلا بائی پاس آپریشن کامیابی سے مکمل کرلیا گیا ہے۔ اس امر کا اظہار مشیر وزیراعلیٰ پنجاب برائے صحت میجر جنرل (ر) اظہر محمود کیانی نے نواز شریف انسٹیٹیوٹ آف کارڈیالوجی سرگودھا میں ایک بریفنگ کے دوران کیا۔ انہوں نے بتایا کہ سلانوالی کے رہائشی 60 سالہ ناصر عباس کا پہلا بائی پاس آپریشن کامیابی سے مکمل کیا گیا۔ مریض کے دل کی تین شریانیں بند تھیں جنہیں بائی پاس سرجری کے ذریعے بحال کیا گیا۔ ماہر سرجن ڈاکٹر توقیر اور ان کی ٹیم نے کامیاب آپریشن انجام دیا جبکہ مریض کی حالت تسلی بخش ہے۔میجر جنرل (ر) اظہر محمود کیانی نے بتایا کہ نواز شریف انسٹیٹیوٹ آف کارڈیالوجی سرگودھا میں دل کے مریضوں کو جدید ترین طبی سہولیات مکمل طور پر مفت فراہم کی جا رہی ہیں۔ ہسپتال کے قیام کو ایک ماہ سے زائد کا عرصہ گزر چکا ہے اور روزانہ 7سو سے ساڈھے سات سو سے زائد مریض او پی ڈی میں طبی معائنہ کروا رہے ہیں، جبکہ روزانہ 30 سے 40 کے قریب اینجیوگرافیز اور 15 سے 16 اینجیوپلاسٹیز کی جا رہی ہیں.انہوں نے مزید بتایا کہ ہارٹ اٹیک کے مریضوں کے لیے ہسپتال میں ایمرجنسی بنیادوں پر اینجیوگرافی اور اینجیوپلاسٹی کی سہولت بھی دستیاب ہے، جس کے ذریعے ضرورت پڑنے پر بند شریان کو فوری طور پر کھولا جا سکتا ہے۔ ایک اینجیوپلاسٹی اور اسٹنٹ پر تقریباً تین سے چار لاکھ روپے جبکہ بائی پاس سرجری پر ساڑھے آٹھ سے گیارہ لاکھ روپے تک اخراجات آ سکتے ہیں، تاہم نواز شریف انسٹیٹیوٹ آف کارڈیالوجی میں یہ تمام سہولیات مریضوں کو مفت فراہم کی جا رہی ہیں۔ آئی سی یو اور سی سی یو میں داخل مریضوں کا علاج بھی بلا معاوضہ کیا جا رہا ہے۔




