سعودیہ میں ملازمت کا جھانسہ دیکر90لاکھ ہتھیانے والے پکڑے گئے

فیصل آباد (سٹاف رپورٹر) ایف آئی اے فیصل آباد کی جانب سے غیر قانونی بیرونِ ملک ملازمت/انسانی اسمگلنگ کے خلاف کریک ڈائو ن ۔ ایف آئی اے کمپوزٹ سرکل فیصل آباد کی ایک ریڈنگ ٹیم جس میں سب انسپکٹر محمد عثمان اسلم سندھو، سب انسپکٹر محمد امتیاز نیازی، سب انسپکٹر عبد الرحمن اور ایف سی وسیم نعیم چٹھہ شامل تھے، نے ضلع ٹوبہ ٹیک سنگھ کے علاقے گوجرہ میں کامیاب کارروائی کی۔ یہ کارروائی ایف آئی آر نمبر C/104/2024 کے سلسلے میں عمل میں لائی گئی، جو کہ امیگریشن آرڈیننس 1979کی دفعات17اور22کے تحت درج ہے۔دورانِ انکوائری یہ بات سامنے آئی کہ محمد افضل ندیم نے جاوید اقبال کی ملی بھگت سے 18 سادہ لوح شہریوں سے سعودی عرب میں ملازمت کے ویزے دلوانے کا جھانسہ دے کر فی کس 5 لاکھ روپے، مجموعی طور پر 90 لاکھ روپے ہتھیائے۔ ملزمان نہ تو وعدے کے مطابق ویزے فراہم کر سکے اور نہ ہی متاثرین کو رقم واپس کی، جس سے انہیں بھاری مالی نقصان کا سامنا کرنا پڑا۔چھاپے کے دوران ایف آئی اے ٹیم نے غیر قانونی بیرونِ ملک روزگار کے کاروبار سے متعلق اہم دستاویزی شواہد برآمد کیے۔ ملزمان کسی بھی قسم کا قانونی اوورسیز ایمپلائمنٹ پروموٹر (OEP) لائسنس یا مجاز اجازت نامہ پیش کرنے میں ناکام رہے۔ لہذا مذکورہ ایف آئی آر درج کر کے قانونی کارروائی کا آغاز کر دیا گیا ہے، مزید تفتیش جاری ہے تاکہ مالی لین دین کا سراغ لگایا جا سکے، دیگر سہولت کاروں اور متاثرین کی نشاندہی کی جا سکے اور اس غیر قانونی نیٹ ورک میں ملوث تمام افراد کو قانون کے کٹہرے میں لایا جا سکے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں