سفر کو مزید محفوظ بنانے کیلئے سیفٹی اقدامات سخت کرنیکا فیصلہ

اسلام آباد (بیوروچیف) نیشنل ہائی ویز اینڈ موٹروے پولیس نے قومی شاہراہوں اور موٹرویز پر سفر کو مزید محفوظ بنانے کے لیے سیفٹی اقدامات سخت کرنے کا فیصلہ کر لیا ہے۔ترجمان موٹروے پولیس کے مطابق تمام مسافر اور مال بردار گاڑیوں میں آگ بجھانے والے آلات (فائر ایکسٹنگوئشر) رکھنا لازمی قرار دے دیا گیا ہے،حادثات کے دوران آتشزدگی کے بڑھتے ہوئے خطرات کے پیش نظر خصوصی حفاظتی اقدامات نافذ کیے جا رہے ہیں تاکہ انسانی جانوں اور املاک کا تحفظ یقینی بنایا جاسکے۔اس مقصد کے لیے موٹروے پولیس نے ملک گیرفائرسیفٹی آگاہی مہم کا آغاز کر دیا ہے جو 24 جون تک جاری رہے گی،مہم کے دوران ڈرائیورز اور ٹرانسپورٹرز کو آگ بجھانے والے آلات کی اہمیت، استعمال اور ان کی فعالیت کے بارے میں آگاہ کیا جائے گا۔ترجمان کیمطابق گاڑیوں میں فعال اورمعیاری فائرایکسٹنگوئشر کی موجودگی جان و مال کے تحفظ کے لیے ناگزیر ہے۔ ڈرائیورحضرات کو ہدایت کی گئی ہے کہ سفر سے قبل اپنے آگ بجھانے والے آلات کی فعالیت اور معیاد (ایکسپائری) ضرور چیک کریں،غیر فعال یا زائد المعیاد آلات قابل قبول نہیں ہوں گے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں