ٹھیکریوالہ(نامہ نگار) پنجاب بھر میں سرکار ی و نجی سکولز کو سمر کیمپس قائم کرنے کی اجاز ت، ایس او پیز جاری،سکول ایجوکیشن ڈیپارٹمنٹ پنجاب نے گرمیوں کی تعطیلات کے دوران طلبا کی نصابی و تعلیمی سرگرمیوں کو جاری رکھنے کیلئے سرکار ی اور نجی سکولز میں سمر کیمپس قائم کرنے کی اجازت دیدی ہے۔ اس حوالے سے سیکرٹری سکول ایجو کیشن مدثر ریاض ملک کی جانب سے باقاعدہ ہدایات اور شرائط و ضوابط جاری کر دیے گئے ہیں۔جاری نوٹیفکیشن کے مطابق سمر کیمپس صرف پیر سے جمعرات تک منعقد کیے جا سکیں گے جبکہ جمعہ کو مکمل تعطیل ہوگی۔ سمر کیمپس میں تمام کلاسوں کے طلبا شرکت کر سکیں گے اور ان کا وقت صبح 7 بجے سے صبح 10 بجے تک مقرر کیا گیا ہے۔سکول ایجوکیشن ڈیپارٹمنٹ نے واضح کیا ہے کہ نجی سکولز سمر کیمپس کے نام پر والدین سے کسی قسم کی اضافی فیس وصول نہیں کریں گے جبکہ سرکاری اسکولوں اور اساتذہ کو بھی طلبا سے ٹیوشن فیس لینے کی اجازت نہیں ہوگی۔ہدایت نامے میں کہا گیا ہے کہ تمام سرگرمیاں کلاس رومز یا دیگر انڈور مقامات پر منعقد کی جائیں گی تاکہ شدید گرمی سے طلبا کو محفوظ رکھا جا سکے۔ سمر کیمپس میں شرکت طلبا کیلئے لازمی نہیں ہوگی بلکہ والدین کی رضامندی کو ضروری قرار دیا گیا ہے۔سیکرٹری سکول ایجوکیشن نے اسکول انتظامیہ کو پابند کیا ہے کہ وہ طلبا کیلئے بنیادی سہولیات کی دستیابی یقینی بنائیں جن میں صفائی، صاف اور ٹھنڈا پینے کا پانی، پنکھے، مناسب بیٹھنے کا انتظام، لوڈ شیڈنگ کی صورت میں بجلی کا بیک اپ اور مکمل فرسٹ ایڈ باکس شامل ہیں۔مزید ہدایات کے مطابق سمر کیمپس میں شریک طلبا کو یونیفارم پہننے سے استثنی حاصل ہوگا اور وہ موسم کے مطابق ہلکے اور آرام دہ کپڑے پہن سکیں گے۔سکول ایجوکیشن ڈیپارٹمنٹ نے پنجاب بھر کے چیف ایگزیکٹو آفیسرز (DEAs)، سرکاری و نجی تعلیمی اداروں کے سربراہان کو ہدایت کی ہے کہ وہ جاری کردہ ایس او پیز پر سختی سے عملدرآمد یقینی بنائیں۔ اعلامیے میں خبردار کیا گیا ہے کہ ہدایات کی خلاف ورزی کرنے والے اداروں کے خلاف قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔




