فیصل آباد (سٹاف رپورٹر) وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کے ویژن کے مطابق فیصل آباد ڈویژن میں آئندہ سموگ سیزن سے نمٹنے کے لئے پیشگی جامع پلان وضع کرلیا گیا۔کمشنر فیصل آباد ڈاکٹر عمران حامد شیخ کی زیرصدارت اعلی سطحی اجلاس منعقد ہوا جس میں ڈپٹی کمشنرز،ڈپٹی ڈائریکٹرز انوائرمنٹل پروٹیکشن ایجنسی اور دیگر افسران موجود تھے۔اجلاس میں سموگ اور فضائی آلودگی کے خاتمے کے لئے7،اہم نکات پر خصوصی توجہ دینے کا فیصلہ کیا گیا۔کمشنر فیصل آباد نے کہا کہ صنعتوں اور انسینریٹرز پر نصب سی سی ٹی وی کیمروں کی لائیو فیڈ انوائرمنٹل پروٹیکشن ایجنسی کے سسٹم سے منسلک کی جائے تاکہ کالے دھوئیں کا فوری پتہ لگا کر اسے ختم کیا جا سکے۔ انہوں نے کہا کہ ڈیڈلائن 30 ستمبر2026 کے بعدتعمیل نہ ہونے پر متعلقہ یونٹ بند کر دیا جائے گا۔انہوں نے کہا کہ زیر تعمیر سائٹس(روڈز اور بلڈنگز) پر ایس اوپیز پر سختی سے عملدرآمد کرایا جائے،زیر تعمیر میٹرو بس روٹ کے ساتھ پانی کے چھڑکا کی مانیٹرنگ روٹ پر موجود کمرشل مارکیٹس کے تاجروں کے تعاون سے کی جائے گی۔علاوہ ازیں ریت کی ٹرالیوں کے لئے ایس اوپیز وضع کرتے ہوئے کمشنر نے کہا کہ ٹریفک پولیس اورانوائرمنٹل پروٹیکشن ایجنسی فورس کی تعیناتی کا حتمی پلان تیار کریں ڈیڈلائن کے بعد بغیر ڈھکی ٹرالیز بند اور قبضے میں لی جائیں۔شادی ہالز اور کمرشل کچنز میں 100% سکشن ہڈز کی تنصیب لازمی ہے جس کی ڈیڈ لائن10،اکتوبر ہے جس کے بعد بغیر سکشن ہڈ والے کچن سیل کردیئے جائیں،سرکاری و نجی تمام بسوں کے لئے وہیکل انسپکشن سرٹیفیکیشن سسٹم(وکس) اسٹیشن سے فٹ ہونے کا سرٹیفیکیٹ لازمی قرار دیں اور 15،اکتوبر کے بعد بغیر سرٹیفیکیشن بسوں کو بند اور قبضے میں لیا جائے۔غیر قانونی چربی پگھلانے کی سرگرمیاں مکمل طور پر بند،10،اکتوبر کے بعد ایسے تمام یونٹ کی تعمیرات مسمار کر دی جائیں، فصلوں کی باقیات جلانے کی روک تھام،موٹروے کے ساتھ انوائرمنٹل پروٹیکشن ایجنسی کے واٹر بازرز نصب اور کسانوں کو فصلوں کی باقیات جلانے سے روکنے کے لئے موثر اقدامات ہونے چاہیں۔کمشنر نے کہا کہ ایڈیشنل ڈپٹی کمشنرز (انفورسمنٹ)چاروں اضلاع میں پلان پر عملدرآمد کی نگرانی اور انوائرمنٹل پروٹیکشن ایجنسی کی ٹیموں کی سو فیصد معاونت یقینی بنائیں۔




