فیصل آباد(سٹاف رپورٹر)کمشنر فیصل آباد ڈاکٹر عمران حامد شیخ نے ڈویژن کے چاروں اضلاع میں فوری طور پر بغیر ڈھانپے کنسٹرکشن میٹریل(تعمیراتی سامان)کی فروخت کی روک تھام کی ہدایت کی اور کہا کہ کسی جگہ بغیر ڈھانپے میٹریل فروخت ہونے کی صورت میں دکان کو سیل کردیا جائے۔انہوں نے انسداد سموگ کے حوالے سے اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کہا کہ ڈویژن میں سموگ کی روک تھام کے لئے سخت اقدامات ناگزیر ہیں۔کمشنر فیصل آباد نے کہا کہ پودوں کی نرسریوں کے باہر فروخت کے لئے موجود مٹی کو بھی ڈھانپ کر رکھوائیں کیونکہ مٹی و ریت کے ذرات ہوا میں شامل ہوکر سموگ کا موجب بنتے ہیں جس کی روک تھام انتہائی ضروری ہے۔انہوں نے زیر تعمیر ترقیاتی پراجیکٹس کی سائٹس پر پڑے میٹریل کو بھی کور کرانے کی ہدایت کی اور کہا کہ خلاف ورزی کی کوئی گنجائش نہیں۔کمشنر نے باربی کیو پوائنٹس پر سیکشن ہڈز نصب ہونے کی دوہری چیکنگ کی ضرورت پر زور دیا اور کہا کہ سیکشن ہڈز نہ ہونے پر پوائنٹ کو بند کردیں۔انسپکشن اور ایکشن کے لئے نائٹ چیکنگ سکواڈ بنائے جائیں۔انہوں نے سموگ کے اثرات کم کرنے کے لئے شاہرات پر پانی کا مسلسل چھڑکا یقینی بنانے کی ہدایت کی اور کہا کہ سموگ کا موجب بننے والے دیگر عناصر کا تدارک یقینی بنائیں۔انہوں نے محکمہ زراعت اورریونیو کو مسلسل نگرانی کا حکم دیا اور کہا کہ کسی جگہ فصلوں کی باقیات کو آگ نہیں لگنی چاہیے۔انہوں نے کہا کہ انوائرمنٹل پروٹیکشن ایجنسی زہریلا دھواں چھوڑنے اور ایس اوپیز کی خلاف ورزی کرنے والے صنعتی یونٹس کو سیل کرے اور دن رات مانیٹرنگ کا عمل جاری رہنا چاہیے۔ڈپٹی کمشنر فیصل آباد محمد نعمان صدیق،اسسٹنٹ کمشنر جنرل ڈاکٹر ذیشان ارشاد،ڈائریکٹر زراعت چوہدری خالد محمود،ڈپٹی ڈائریکٹر انوائرمنٹل پروٹیکشن ایجنسی ڈاکٹر طاہر،اسسٹنٹ کمشنر سٹی رنگزیب گورایہ اور دیگر افسران بھی موجود تھے۔




