فیصل آباد(سٹاف رپورٹر)ڈائریکٹر جنرل فیصل آباد ڈویلپمنٹ اتھارٹی (ایف ڈی اے)محمد آصف چوہدری نے ریکوری ٹیموں کو ہدایت کی ہے کہ ادارے کے تمام واجبات کی سو فیصد وصولی یقینی بنانے کے لیے موثر اور نتیجہ خیز اقدامات کیے جائیں اور عدم ادائیگی کی صورت میں دیرینہ نادہندگان کی جائیدادوں کو سربمہر کرنے سمیت دیگر قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے۔ انہوں نے واضح کیا کہ ریونیو ریکوری کے مقررہ اہداف کے حصول میں کسی قسم کی غفلت یا سستی برداشت نہیں کی جائے گی اور تمام متعلقہ افسران اپنی ذمہ داریاں پوری توجہ اور پیشہ ورانہ انداز میں انجام دیں۔ وہ ایف ڈی اے کے ریونیو ریکوری ٹارگٹس پر عملدرآمد اور وصولیوں کی پیش رفت کا جائزہ لینے کے لیے منعقدہ اجلاس کی صدارت کر رہے تھے، جس میں متعلقہ شعبوں کے افسران نے شرکت کی۔ اجلاس کے دوران جائیدادوں کی کمرشلائزیشن سے متعلقہ فیسوں، غیر قانونی ہاسنگ سکیموں میں ڈویلپمنٹ کی خلاف ورزیوں پر عائد جرمانوں، ایف ڈی اے سٹی کے نادہندہ الاٹیز کے ذمہ واجب الادا رقوم اور دیگر مدات میں بقایاجات کی وصولیوں کی صورتحال کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔ڈائریکٹر جنرل ایف ڈی اے نے ہدایت کی کہ تمام شعبے واجب الادا رقوم کی تفصیلات کا ریکارڈ آپ ڈیٹ کرکے ریکوری کے عمل کو تیز کریں اور نادہندگان سے رابطوں کے ساتھ ساتھ انہیں واجبات کی ادائیگی کے لیے مقررہ مہلت اور قانونی تقاضوں سے آگاہ کریں۔ انہوں نے کہا کہ بار بار نوٹسز کے باوجود ادائیگی نہ کرنے والے اور مسلسل ڈیفالٹ کے مرتکب افراد کے خلاف بلاامتیاز کارروائی کی جائے، جبکہ دیرینہ نادہندگان کی جائیدادوں کو سربمہر کرنے کے لیے فوری اقدامات کیے جائیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ ایف ڈی اے کی مالی خودانحصاری، جاری ترقیاتی سرگرمیوں کے تسلسل اور ادارے کی انتظامی و مالیاتی ضروریات پوری کرنے کے لیے ریونیو میں اضافہ ناگزیر ہے اس مقصد کے لیے تمام دستیاب وسائل بروئے کار لاتے ہوئے ریکوری کے نظام کو مزید مثر بنایا جائے اور مقررہ اہداف کے حصول کی باقاعدگی سے مانیٹرنگ کی جائے۔ ڈی جی ایف ڈی اے نے متعلقہ افسران کو تاکید کی کہ ریکوری کی روزانہ کی بنیاد پر پیش رفت مرتب کرکے رپورٹ پیش کی جائے تاکہ کمزور کارکردگی کے حامل شعبوں کی نشاندہی کرکے فوری اصلاحی اقدامات کیے جا سکیں۔




