سرگودھا(بیورو چیف) کمشنر سرگودھا ڈویژ ن حافظ شوکت علی کے زیرِ صدارت بورڈ آف انٹرمیڈیٹ اینڈ سیکنڈری ایجوکیشن سرگودھا کا ایک اہم اجلاس منعقد ہوا۔ اجلاس میں بورڈ آفس میں جاری سولرائزیشن منصوبے کے حوالے سے تفصیلی بریفنگ دی گئی۔اجلاس کے دوران متعلقہ حکام نے کمشنر کو سولر سسٹم کی تنصیب، لاگت، توانائی کی بچت اور متوقع فوائد کے بارے میں آگاہ کیا۔ بریفنگ میں بتایا گیا کہ سولرائزیشن منصوبے سے نہ صرف بجلی کے اخراجات میں نمایاں کمی آئے گی بلکہ ادارہ توانائی کے متبادل ذرائع کی طرف منتقل ہو کر ماحول دوست اقدامات کو بھی فروغ دے گا۔کمشنر حافظ شوکت علی نے اس موقع پر ہدایت کی کہ سولرائزیشن منصوبے کو جلد از جلد مکمل کیا جائے اور اس کے معیار پر کوئی سمجھوتہ نہ کیا جائے۔ انہوں نے کہا کہ سرکاری اداروں میں قابلِ تجدید توانائی کے استعمال کو فروغ دینا وقت کی اہم ضرورت ہے، جس سے وسائل کی بچت اور ماحولیاتی تحفظ ممکن بنایا جا سکتا ہے۔
اجلاس میں بورڈ کے اعلیٰ افسران اور متعلقہ محکموں کے نمائندگان نے شرکت کی۔




