لاہور (بیوروچیف) سولر صارفین کے کنکشنز پر نیٹ میٹرنگ معاہدوں کے برعکس بلنگ کرنے کا انکشاف ہوا ہے، جس کے باعث صارفین کو مالی نقصان پہنچنے کی اطلاعات سامنے آئی ہیں۔ ذرائع کے مطابق آئی ٹی ڈائریکٹوریٹ کی مبینہ نااہلی کے باعث ایک نیا بلنگ فارمولا نافذ کیا گیا، جس نے صارفین کے لیے پہلے سے طے شدہ نیٹ میٹرنگ نظام کو متاثر کیا۔ بتایا جا رہا ہے کہ کنٹریکٹ کی شرائط کے برعکس بلنگ کے طریقہ کار میں تبدیلی کی گئی۔تفصیلات کے مطابق کمپنی کی جانب سے صارفین کے ساتھ بجلی کی پیداوار کے لیے نیٹ میٹرنگ پالیسی کے تحت معاہدے کیے گئے تھے، تاہم بعد ازاں لیسکو نے نیٹ میٹرنگ کی بجائے نیٹ بلنگ پالیسی رائج کر دی۔ذرائع کا کہنا ہے کہ لیسکو میں 8 فروری تک جمع ہونے والی درخواستوں پر نیٹ میٹرنگ پالیسی کے تحت معاہدے کیے گئے تھے، اور اسی دوران نیپرا سے لائسنس بھی حاصل کیا گیا۔ بعد ازاں صارفین کو اے ایم سمارٹ میٹرز نصب کر کے فراہم کیے گئے۔مزید بتایا گیا ہے کہ کنکشنز کے انرجائز ہونے کے بعد بلنگ سے متعلق تمام دستاویزات آئی ٹی ڈائریکٹوریٹ کو بھجوا دی گئیں، تاہم بلنگ کے لیے کنکشن کے کمیشن ہونے کی تاریخ کو بنیاد بنایا گیا، جس سے صارفین کو مالی نقصان کا سامنا کرنا پڑا۔صارفین کو نیٹ بلنگ کے تحت یونٹس کے بدلے مکمل یونٹ ریلیف فراہم نہیں کیا جا رہا، جبکہ معاہدے کے مطابق نیٹ میٹرنگ سسٹم میں صارفین کو زیادہ ریلیف ملنے کی توقع تھی۔




