کراچی(بیوروچیف) امریکا کی جانب سے ایرانی بندرگاہوں کی ناکہ بندی کے اعلان کے بعد پاکستان سمیت ایشیائی سٹاک مارکیٹس میں منفی رجحان دیکھنے میں آیا ہے۔کاروباری ہفتے کے پہلے روز کاروبار کے آغاز پر پاکستان سٹاک مارکیٹ میں شدید مندی ریکارڈ کی گئی۔ٹریڈنگ کے دوران سٹاک ایکسچینج میں ہنڈرڈ انڈیکس 5000سے زائد پوائنٹس کی کمی کے ساتھ ایک لاکھ 61ہزار 659پوائنٹس کی سطح پر آ گیا ہے۔واضح رہے کہ گزشتہ کاروباری ہفتے کے اختتام پر ہنڈرڈ انڈیکس ایک لاکھ 67ہزار 191پوائنٹس کی سطح پر بند ہوا تھا۔دوسری جانب امریکا ایران مذاکرات ناکام ہونے پر ایشیائی مارکیٹس میں مندی دیکھی جا رہی ہے۔خبر ایجنسی کے مطابق جنوبی کوریا کے کوسپی انڈیکس میں 2.08فیصد مندی دیکھی گئی، جاپان کے نکی انڈیکس میں ایک فیصد کمی دیکھنے میں آئی، ہانگ کانگ کے ہینگ سینگ انڈیکس میں ایک فیصد سے زائد مندی ریکارڈ کی گئی۔چین کے شنگھائی کمپوزٹ انڈیکس میں بھی معمولی مندی دیکھنے میں آئی ہے۔




