اسلام آباد (بیوروچیف) پاکستان نے خلائی شعبے میں بڑا سنگ میل عبورکرلیا،سپارکو کا تیار کردہ سیٹلائٹ ای او تھری چین کے تائی یوان سیٹلائٹ لانچ سینٹر سے کامیابی کے ساتھ خلاء میں بھیج دیا گیا، وزیراعظم شہبازشریف نے اس کامیابی کوخود انحصاری کی جانب اہم قدم قرار دیا۔ پاکستان کے خلائی پروگرام میں ایک اہم پیش رفت۔ پاکستان نے اپنا الیکٹرو آپٹیکل سیٹلائٹ EO-3 کامیابی کے ساتھ خلا میں بھیج دیا، مقامی طور پر تیار کردہ سیٹلائٹ چین کے تائی یوان سیٹلائٹ سینٹر سے لانچ کیا گیا۔ آئی ایس پی آر کے مطابق سیٹلائٹ جدید امیجنگ ڈیٹا فراہم کریگا جس سے شہری منصوبہ بندی، قدرتی آفات سے نمٹنے، غذائی تحفظ اور ماحولیاتی تحفظ جیسے اہم شعبوں میں بہتری آئے گی۔ EO-3 سیٹلائٹ ایک مربوط ارتھ آبزرویشن سسٹم کی بنیاد فراہم کرے گا، جس سے قومی ترجیحات کے مطابق مختلف شعبوں میں معاونت ہو گی۔ سیٹلائٹ پائیدار معاشی وسماجی ترقی میں کردار ادا کرے گا۔ وزیراعظم شہباز شریف نے اس تاریخی کامیابی پرسپارکو کے انجینئرز اورسائنسدانوں کی پیشہ ورانہ مہارت اور لگن کو سراہا، انہوں نے خلائی شعبے میں پاکستان کے ہمہ موسم دوست چین کی غیر متزلزل حمایت کا بھی اعتراف کیا۔




