لاہور (بیوروچیف) سکیورٹی خدشات کے پیشِ نظر محکمہ تعلیم نے صوبے بھر کے اسکولوں میں اہم اور فوری نوعیت کے اقدامات کا اعلان کر دیا ہے۔ جاری ہدایات کے مطابق تمام اسکولوں میں صبح کی اسمبلی کو تاحکمِ ثانی معطل کر دیا گیا ہے تاکہ طلبہ کے بڑے اجتماعات سے گریز کیا جا سکے۔محکمہ تعلیم نے تمام اساتذہ کو ہدایت کی ہے کہ وہ فوری طور پر سیف سٹی ایپ ڈان لوڈ کریں تاکہ کسی بھی ہنگامی صورتحال میں متعلقہ اداروں کو بروقت اطلاع دی جا سکے۔ اس اقدام کا مقصد اسکولوں اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کے درمیان رابطے کو موثر بنانا ہے۔اس کے علاوہ تمام سرکاری و نجی اسکولوں میں نصب سی سی ٹی وی کیمروں کو مکمل طور پر فعال رکھنے کے احکامات جاری کیے گئے ہیں۔ متعلقہ حکام کو ہدایت کی گئی ہے کہ کیمروں کی کارکردگی یقینی بنائی جائے اور نگرانی کا نظام موثر رکھا جائے۔محکمہ تعلیم نے ایجوکیشن اتھارٹیز کو اسکولوں کے اکائونٹس میں فوری فنڈز منتقل کرنے کی ہدایت بھی جاری کی ہے تاکہ سکیورٹی انتظامات میں کسی قسم کی مالی رکاوٹ پیش نہ آئے۔ مزید برآں، تمام اسکولوں کو فوری طور پر سکیورٹی گارڈ تعینات کرنے اور ان کی ڈیوٹی مرکزی گیٹ پر لگانے کا حکم دیا گیا ہے۔ہدایات میں کہا گیا ہے کہ اسکولوں میں باقاعدہ ایمرجنسی ڈرلز کروائی جائیں اور طلبہ کو ہنگامی حالات سے نمٹنے کے حوالے سے عملی مشق اور آگاہی فراہم کی جائے۔ اساتذہ کو بھی ہدایت کی گئی ہے کہ وہ طلبہ کو کسی بھی احتجاج یا جلوس میں شریک نہ ہونے دیں۔




