ٹھیکریوالہ(نامہ نگار)طلبہ کی حفاظت اولین تر جیح اسکولوں کے باہر ٹریفک نظم و ضبط اور سیکیورٹی کے موثر اقدامات کی ہدایت۔ تفصیلات کے مطابق سی ای او ایجوکیشن فیصل آباد را عبدالکر یم نے مراسلہ جاری کیا ہے کہ طلبہ کے پک اپ اور ڈراپ آف کے لیے ایک مناسب، منظم اور وقت سے ہم آہنگ پلان ترتیب دیا جائے تاکہ ٹریفک کے بہائو میں رکاوٹ پیدا نہ ہو۔ اس کیسا تھ ساتھ اسکولوں کے لیے ایک نامزد اور محفوظ پارکنگ ایریا کی فراہمی کو بھی یقینی بنانے پر زور دیا گیا ہے، تاکہ سڑکوں پر بے ہنگم پارکنگ سے بچا جا سکے۔طلبہ کے داخلے اور اخراج کی موثر نگرانی کے لیے اساتذہ پر مشتمل ایک ڈیوٹی روسٹر تیار کر کے عملی طور پر نافذ کرنے کی تجویز دی گئی ہے۔ اس اقدام سے نہ صرف نظم و ضبط بہتر ہوگا بلکہ طلبہ کی سیکیورٹی بھی مزید مستحکم ہو گی۔ مزید یہ کہ اسکول کے اوقاتِ کار کو اس انداز میں منظم کیا جائے کہ سڑکوں پر طلبہ یا گاڑیوں کی بھیڑ پیدا نہ ہو اور ٹریفک کا نظام رواں دواں رہے۔روڈ سیفٹی کو مدنظر رکھتے ہوئے زیبرا کراسنگ کو واضح اور درست انداز میں نشان زد کرنے، سڑکوں پر تازہ پینٹ لگانے اور مناسب حفاظتی بیریئرز نصب کرنے کی بھی سفارش کی گئی ہے، تاکہ طلبہ کے لیے محفوظ راستہ فراہم کیا جا سکے۔اس کے علاوہ اس بات پر سختی سے عملدرآمد کی ضرورت پر زور دیا گیا ہے کہ کسی بھی اسکول وین، بس یا رکشے کو اس کی مقررہ گنجائش سے زیادہ طلبہ لے جانے کی اجازت نہ دی جائے۔ تمام اسکول وینز اور ان کے ڈرائیوروں کی متعلقہ اسکولوں میں رجسٹریشن کو لازمی قرار دینے کی تجویز دی گئی ہے، جبکہ سرکاری و نجی اسکولوں میں ایک جامع رجسٹر رکھنے کی بھی ہدایت دی گئی ہے، جس میں بسوں، وینز، رکشوں اور ڈرائیوروں کی مکمل تفصیلات موجود ہوں۔مزید برآں، طلبہ، والدین اور ڈرائیوروں میں اوور لوڈنگ سے منسلک خطرات کے بارے میں آگاہی پیدا کرنے کے لیے کونسلنگ سیشنز کے انعقاد کو ایک موثر اسٹیک ہولڈر انگیجمنٹ اقدام قرار دیا گیا ہے۔ رائو عبدالکریم کا مزید کہنا ہے کہ ان اقدامات پر موثر عملدرآمد سے نہ صرف اسکولوں کے باہر ٹریفک مینجمنٹ بہتر ہوگی بلکہ طلبہ کی جان و مال کے تحفظ کو بھی یقینی بنایا جا سکے گا، جو ایک محفوظ اور ذمہ دار تعلیمی ماحول کی بنیاد ہے۔




