سہ ملکی ون ڈے سیریز،پاکستان نے سری لنکا کو ہرا دیا

راولپنڈی (سپورٹس نیوز) تین ملکی ون ڈے سیریز کے پہلے میچ میں پاکستان نے سری لنکا کو 37 رنز سے شکست دے دی۔ قومی ٹیم نے سری لنکا کو جیت کیلئے 306 رنز کا ہدف دیا جس کے جواب میں مہمان ٹیم 268 رنز بنا کر آل آئوٹ ہوگئی۔ راولپنڈی کے پنڈی کرکٹ اسٹیڈیم میں کھیلے گئے سیریز کے پہلے ون ڈے میں سری لنکا نے ٹاس جیت کر پاکستان کو پہلے بیٹنگ کی دعوت دی۔ پاکستان اننگز کی شروعات ہوئی تو اوپنر فخر زمان اور صائم ایوب ٹیم کو اچھا آغاز فراہم نہ کرسکے اور دونوں اوپنرز جلد ہی آئوٹ ہو کر واپس پویلین لوٹ گئے۔پاکستان کی پہلی وکٹ 23 اور دوسری وکٹ 32 رنز پر گری، صائم ایوب 7 اور فخر زمان 16 رنز بنا کر آئوٹ ہوئے۔بعدازاں بابر اعظم اور سعد بیگ نے پارٹنرشپ قائم کی اور ٹیم کا اسکور 106 تک پہنچایا جہاں بابر 45 رنز بنا کر آئوٹ ہوگئے۔ پاکستان کی چوتھی وکٹ 118 رنز پر گرگئی۔ اس مرتبہ سعد بیگ 39 رنز بنا کر آئوٹ ہوئے۔پانچویں وکٹ پر سلمان علی آغا اور حسن نواز نے 97 رنز کی پارٹنرشپ بنائی اور 215 کے مجموعے پر حسن نواز 37 رنز بنا کر آئوٹ ہوگئے۔ چھٹی وکٹ پر سلمان کا ساتھ عرفات منہاس دینے آئے، انہوں نے 18 رنز کی اننگز کھیلی تاہم سلمان کے ساتھ 64 رنز کی پارٹنرشپ کے شراکت دار رہے۔اس دوران مڈل آرڈر میں سلمان علی آغا نے شاندار بیٹنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے اپنے کیریئر کی چوتھی سنچری بنائی۔ تاہم پہلے عرفات منہاس 279 اور پھر سلمان علی آغا 291 کے مجموعے پر آئوٹ ہوئے تو قومی بیٹرز اسکور میں زیادہ اضافہ نہ کرسکے اور پوری ٹیم 305 رنز پر آل آئوٹ ہوگئی۔ اختتامی لمحات میں شاہین آفریدی نے 13 اور فہیم اشرف نے 6 رنز بنائے جبکہ نسیم شاہ اور حارث رئوف بغیر کوئی رن بنائے پویلین لوٹے۔ سری لنکا کی جانب سے ایشان ملنگا نے 4 وکٹیں لیں، اسیتھا فرنینڈو نے 3 اور دلشان مدھوشنکا نے 2 کھلاڑیوں کو آئوٹ کیا۔ ہدف کے تعاقب میں سری لنکن ٹیم نے محتاط آغاز کیا، اوپنر اوشکا فرنینڈو 5 اور کپتان کوسال مینڈس 18 رنز بنا کر پویلین لوٹے۔ تاہم اوپنر کمنڈو مینڈس نے 44 رنز بنا کر اس جانب سے ٹیم کا اسکو بڑھانے کا سلسلہ جاری رکھا۔ تاہم 91 کے مجموعے تک سری لنکا کے 4 کھلاڑی پویلین لوٹے چکے تھے، ایسے میں پوون رتنانائیکے نے 79 اور جنیتھ لیاناگے نے 60 رنز کی اننگز کھیل کر اپنی ٹیم کے لیے جیت کی امیدیں روشن کرنے کی کوشش کیا، لیکن اپنی ٹیم کو جیت کی لکیر کے پار نہ لے جاسکے۔ اختتامی لمحات میں داسن شناکا نے 28 رنز بنائے، اور وہ بھی ٹیم کی جیت کے لیے کارآمد نہ ہوسکے اور پوری سری لنکن ٹیم 268 رنز بنا کر آل آئوٹ ہوگئی۔پاکستان کی جانب سے شاہین آفریدی نے 3 کھلاڑیوں کو آئوٹ کیا جبکہ فہیم اشرف، نسیم شاہ اور حارث رئوف نے دو دو وکٹیں لیں۔شاندار سنچری پرفارمنس پر سلمان علی آغا کو میچ کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا۔ٹاس کے موقع پر گفتگو کرتے ہوئے پاکستان کرکٹ ٹیم کے کپتان شاہین آفریدی نے کہا تھا کہ فریش وکٹ ہے، ہم ٹاس جیتتے تب بھی پہلے بیٹنگ ہی کرتے، 300 رنز بنانے کی کوشش کریں گے۔ٹرائی سیریز میں انگلینڈ کی ٹیم بھی شامل ہے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں