فیصل آباد (سٹاف رپورٹر) ریجنل پولیس آفیسر فیصل آباد انعام الرحمن ملک نے سیف سٹی فیصل آباد کا دورہ کیا۔ سیف سٹی پہنچنے پر ایس ایس پی سیف سٹی رضا اللہ،ڈی ایس پی عامر سلطان اور سیف سٹی ٹیم نے ان کا استقبال کیا۔آر پی او انعام الرحمن ملک نے سیف سٹی کے مختلف شعبہ جات کا معائنہ کیا۔ایس ایس پی سیف سٹی رضا اللہ نے آر پی او انعام الرحمن ملک کو سیف سٹی کے انتظامی و مانیٹرنگ امور کے حوالے سے تفصیلی بریفنگ دی اور سیف سٹی کیمروں کے ذریعے جرائم کی نگرانی، مشکوک سرگرمیوں کی بروقت نشاندہی اور کسی بھی ناخوشگوار واقعہ کی صورت میں فوری پولیس رسپانس کے طریقہ کار سے بھی آگاہ کیا۔ اس موقع پرآر پی او انعام الرحمن ملک نے ہدایات جاری کرتے ہوئے کہا کہ جدید ٹیکنالوجی کے موثر استعمال سے جرائم کی روک تھام اور کرائم کنٹرول سسٹم کو مزید فعال بنایا جائے۔ سیف سٹی کیمروں کے ذریعے مشکوک سرگرمیوں کی مسلسل نگرانی کی جائے اور کسی بھی مشتبہ سرگرمی کی نشاندہی کی صورت میں فوری رسپانس اور موثر کارروائی کو یقینی بنایا جائے۔ اہم شاہراوں،حساس مقامات،داخلی وخارجی راستوں کی موثر مانیٹرنگ یقینی بنائی جائے۔ انہوں نے کہا کہ سیف سٹی منصوبہ جرائم کی روک تھام، جرائم پیشہ عناصر کی نگرانی اور شہریوں کو محفوظ ماحول کی فراہمی میں اہم کردار ادا کر رہا ہے۔لہذا اس کو مزید موثر اور فعال بنانے کے لیے تمام دستیاب وسائل بروئے کار لائے جائیں۔ شہریوں کے جان و مال کا تحفظ پولیس کی اولین ترجیح ہے۔




