نامور ماہر تعلیم پروفیسر ڈاکٹر محمد محفوظ انتقال کرگئے

فیصل آباد (سٹاف رپورٹر) ڈیپارٹمنٹ آف کلینیکل میڈیسن اینڈ سرجری فیکلٹی آف ویٹرنری سائنسز زرعی یونیورسٹی فیصل آباد کے پروفیسر ڈاکٹر سید اشعر محفوظ کے والد محترم ماہر تعلیم’ سائنسدان گورنمنٹ کالج دھوبی گھاٹ کے ریٹائرڈ پروفیسر آف کیمسٹری ڈاکٹر محمد محفوظ رضائے الٰہی سے انتقال کر گئے، (اناﷲ وانا الیہ راجعون)۔ ان کی نمازجنازہ آج 7 اکتوبر 2026 ء بروز بدھ بعدازنمازظہر پیپلزکالونی نمبر2 بابر چوک محفوظ پارک میں ادا کی گئی۔ جس میں ہر مکتبہ فکر سے تعلق رکھنے والے افراد کی کثیر تعداد نے شرکت کی۔ ڈیلی بزنس رپورٹ کے ایڈیٹر ہمایوں طارق اور نیوز ایڈیٹر ریاض ملک نے مرحوم کی وفات پر اظہار افسوس کرتے ہوئے دعا کی ہے کہ اﷲ تعالیٰ مرحوم ومغفور کو جنت الفردوس میں بلند مقام اور پسماندگان کو صبر جمیل عطا فرمائے، مرحوم کے بیٹے پروفیسر ڈاکٹر اشعر محفوظ کا رابطہ نمبر 0300-7694760ہے ۔ یاد رہے کہ ڈاکٹر محمد محفوظ نے فیصل آباد کے تاریخی تعلیمی ادارے گورنمنٹ کالج دھوبی گھاٹ میں 36 سال تک انتہائی مخلصانہ اور شاندار تدریسی خدمات انجام دیں۔ آپ نے ستمبر 1958میں بطور لیکچرار کیمیا (کیمسٹری) اپنے کیریئر کا آغاز کیا۔ حکومت کی طرف سے اسکالرشپ پر 1968میں آپ کو کوئین مری کالج لندن بھیجا گیا، جہاں سے آپ نے 1971میں کیمسٹری میں پی ایچ ڈی کی تعلیم مکمل کی۔ واپسی پر آپ نے دوبارہ اسی مادرِ علمی کو جوائن کیا جہاں سے آپ نے خود تعلیم حاصل کی تھی۔36 سالہ طویل تدریسی خدمات کے بعد ستمبر 1994 میں عمر کی 60 سال کی حد کو پہنچنے پر آپ ریٹائر ہوئے۔ آپ نے کچھ عرصہ بورڈ آف انٹرمیڈیٹ اینڈ سیکنڈری ایجوکیشن، سرگودھا کے سیکرٹری کے طور پر بھی فرائض انجام دیے۔پروفیسر ڈاکٹر محمد محفوظ آیک علمی اور تعلیمی نامور شخصیات میں شمار ہوتے تھے، آپ کے تلامذہ زندگی کے ہر شعبے (طب، انجینئرنگ، تدریس، سائنس وغیرہ) میں ملک و قوم کی خدمت سر انجام دے رہے ہیں۔ آپ کے چھوٹے بھائی پروفیسر سید مظفر حسین بھی گورنمنٹ کالج فیصل آباد میں کیمسٹری کے پروفیسر رہے۔آپ کی اہلیہ گورنمنٹ اسلامیہ کالج (برائے خواتین) فیصل آباد کی پرنسپل رہ چکی ہیں۔ آپ ڈاکٹر اشعر محفوظ کے والد محترم اور پروفیسر ڈاکٹر عنبرین اشعر کے سسر اور ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج میڈم حنا مظفر کے تایا جان تھے۔ آپ کے تمام بیٹے اور بیٹیاں اعلی تعلیم یافتہ ہیں اور ملک و قوم کی خدمت کر رہے ہیں۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں