کراچی(بیوروچیف)ایف بی آر کی جانب سے جاری نوٹیفکیشن کے مطابق ایئر کنڈیشنر، فریج، فریزر، واشنگ مشین اور ٹیلی ویژن کو نئے قواعد میں شامل کیا گیا ہے، جبکہ سٹوریج بیٹریوں پر بھی ان قواعد کا اطلاق ہوگا۔نوٹیفکیشن کے مطابق درآمدی سامان پر بھی ٹیکس سٹیمپ لگانا اور اسے فعال کرنا لازمی ہوگا، ٹیکس سٹیمپ کے بغیر درآمدی اشیا کی کسٹم کلیئرنس نہیں ہو سکے گی، جبکہ سٹیمپ کی تنصیب اور ایکٹیویشن کلیئرنس سے قبل کرنا ضروری ہوگا۔ایف بی آر کے مطابق ریٹیل اور آٹو کمپنیوں کو سپلائی کی جانے والی اسٹوریج بیٹریاں بھی نئے قواعد کے دائرے میں شامل ہوں گی، سرکاری ملکیتی اداروں (سٹیٹ اونڈ انٹرپرائزز) کو بھی نئے رولز میں شامل کر دیا گیا ہے۔نوٹیفکیشن میں مزید کہا گیا ہے کہ ٹیکس سٹیمپ مصنوعات اور ان کی پیکنگ دونوں پر لگایا جائیگا، ایک لائسنس صرف ایک مخصوص پروڈکٹ کیلیے قابل استعمال ہوگا اور لائسنس ہولڈر کسی دوسری پروڈکٹ کی ٹریکنگ نہیں کر سکے گا، جبکہ پہلے سے جاری لائسنس بھی اسی پابندی کے تابع ہوں گے۔FBR نے لائسنس کے حصول کیلیے صرف کمپنی ہونے کی شرط ختم کر دی ہے، اب کوئی بھی اہل درخواست گزار لائسنس حاصل کر سکے گا، لائسنس ہولڈر کے لیے ٹیکس اسٹیمپ سسٹم کی تنصیب اور مرمت کی ذمہ داری بھی لازمی قرار دی گئی ہے۔نوٹیفکیشن کے مطابق ٹریکنگ سسٹم کا تمام ڈیٹا حکومت پاکستان کی ملکیت ہوگا، جبکہ لائسنس کی مدت ختم ہونے پر متعلقہ ڈیٹا اور کوڈز ایف بی آر کے حوالے کرنا ہوں گے۔




