سرگودھا (بیورورپورٹ) کمشنر سرگودھا ڈویژن حافظ شوکت علی نے ڈپٹی کمشنر حسین احمد رضا چوہدری کے ہمراہ واسا شہر میں جاری میگا سیوریج منصوبے کا مختلف مقامات پر فیلڈ وزٹ کیا اور ترقیاتی کاموں کی پیش رفت، معیار اور تکمیل کے شیڈول کا تفصیلی جائزہ لیا۔ کمشنر اور ڈپٹی کمشنر نے پریس روڈ، جناح کالونی ڈسپوزل اسٹیشن، نیو سیٹلائٹ ٹاؤن ٹااہلی چوک اور دیگر مقامات پر جاری کاموں کا معائینہ کیا۔ اس موقع پر ایم ڈی واسا ابوبکر عمران نے منصوبے کے مختلف حصوں، سیوریج نظام کی بہتری، ڈسپوزل اسٹیشنز پر جاری کام اور متاثرہ سڑکوں کی بحالی کے حوالے سے بریفنگ دی۔ کمشنر نے ہدایت کی کہ واسا کے میگا سیوریج منصوبے پر کام کی رفتار تیز کی جائے اور تمام مراحل مقررہ مدت میں مکمل کیے جائیں۔ انہوں نے واضح کیا کہ تعمیراتی کام کے معیار پر کوئی سمجھوتہ نہ کیا جائے اور کام میں غیر ضروری تاخیر کرنے والے ٹھیکیداروں کے خلاف ضابطے کے مطابق کارروائی عمل میں لائی جائے۔ انہوں نے ہدایت کی کہ سیوریج کے کام سے متاثر ہونے والی سڑکوں کی بحالی اور شہریوں کو درپیش مشکلات کے ازالے کے لیے جلد مؤثر اقدامات کیے جائیں۔کمشنر اور ڈپٹی کمشنر نے شہر کے مختلف علاقوں میں ستھرا پنجاب پروگرام کے تحت صفائی ستھرائی کی سرگرمیوں کا بھی جائزہ لیا اور صفائی کے نظام کو مزید مؤثر بنانے کی ہدایت کی۔بعد ازاں کمشنر حافظ شوکت علی اور ڈپٹی کمشنر حسین احمد رضا چوہدری نے جنرل بس اسٹینڈ کا دورہ کیا اور مسافروں کے لیے فراہم کردہ سہولیات، انتظار گاہوں اور ٹرانسپورٹ انتظامات کا معائینہ کیا۔ سیکرٹری آر ٹی اے ملک محمد طاہر نے انہیں یونیورسٹی روڈ سے نجی ٹرانسپورٹ اڈوں کی لاری اڈا منتقلی اور ٹرانسپورٹ کمپنیوں کے انتظامات کے بارے میں بریفنگ دی۔




