فیصل آباد (سٹاف رپورٹر) منیجنگ ڈائریکٹر واسا ثاقب رضا نے سیوریج چیلنجز کے حامل علاقوں کی نشاندہی اور ان کے حل کیلئے سکیمیں طلب کر لی ہیں اور تمام متعلقہ اسسٹنٹ ڈائریکٹر کو ایسی تمام سکیمیں7جولائی تک بھجوانے کی ہدایت کی ہے۔ ایک اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ تمام اسسٹنٹ ڈائریکٹرز اپنی متعلقہ سب ڈویژنز میں ایسے علاقوں کی نشاندہی کریں جہاں پر دیرینہ سیوریج ایشوز ہیں اور ان کے حل کے لئے کیا سکیم ہونی چاہیے اور اس کے ساتھ ساتھ سکیم کے تحت کتنی فٹ لائن لگنی ہے اور اس پر کتنے اخراجات آئیں گے تمام اجزا شامل ہونے چاہئیں اور یہ تمام سکیمیں 7 جولائی تک بھجوائی جائیں تاکہ ان کی منظوری حاصل کی جا سکے۔ایم ڈی واسا نے مزید کہا کہ جھنگ روڈ پر مین فورس لائن کے علاوہ ملحقہ علاقوں کی گلیوں میں لائنیں لگانی چاہیے تاکہ جھنگ روڈ سے ملحقہ علاقوں کے دیرینہ سیوریج ایشوز کا پائیدار حل نکال سکے۔انہوں نے واضح کیا کہ بھجوائی جانے والی سکیموں کی جی آئی ایس کے ذریعے مارکنگ کی جائے گی اور ڈپٹی ڈائریکٹر ڈویلپمنٹ اور ان کے نمائندے ان تمام سکیموں کا وزٹ کریں گے تاکہ ان سکیموں کی تکمیل کے بعد متعلقہ علاقہ کے مکینوں کو سیوریج آپریشنز میں مکمل ریلیف حاصل ہوسکے۔




