کمالیہ(نامہ نگار)ڈپٹی کمشنر ٹوبہ ٹیک سنگھ ماہم آصف ملک نے کہا ہے کہ شجرکاری نہ صرف ماحول کو خوبصورت اور سرسبز بنانے کا ذریعہ ہے بلکہ صاف ستھری اور صحت مند فضا کے لیے بھی انتہائی ضروری ہے ۔ حکومت کی جانب سے شجرکاری مہم کا مقصد ضلع بھر میں زیادہ سے زیادہ درخت لگانا اور عوام میں ماحولیاتی تحفظ کا شعور اجاگر کرنا ہے ۔انہوں نے کہا کہ درخت ماحولیاتی آلودگی میں کمی، درجہ حرارت کو متوازن رکھنے اور آنے والی نسلوں کو صاف و صحت مند ماحول فراہم کرنے میں اہم کردار ادا کرتے ہیں۔ کمالیہ سمیت ضلع ٹوبہ ٹیک سنگھ کے مختلف علاقوں میں شجرکاری کے ساتھ ساتھ لگائے گئے پودوں کی مناسب دیکھ بھال اور حفاظت بھی یقینی بنائی جا رہی ہے ۔ڈپٹی کمشنر نے شہریوں، سرکاری و نجی اداروں، طلبہ اور سول سوسائٹی سے اپیل کی کہ وہ شجرکاری مہم میں بھرپور حصہ لیں اور اپنے گھروں، تعلیمی اداروں، دفاتر اور دستیاب سرکاری و نجی جگہوں پر زیادہ سے زیادہ پودے لگائیں۔ صرف پودا لگانا کافی نہیں بلکہ اس کی نگہداشت اور حفاظت بھی ہم سب کی مشترکہ ذمہ داری ہے ۔ماہم آصف ملک نے مزید کہا کہ ضلعی انتظامیہ شجرکاری کے فروغ اور ماحولیاتی بہتری کے لیے تمام دستیاب وسائل بروئے کار لا رہی ہے اور اس سلسلہ میں متعلقہ محکموں کو بھی مثر اقدامات کی ہدایات جاری کی گئی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ آج لگایا جانے والا ایک درخت آنے والی نسلوں کے لیے قیمتی اثاثہ ثابت ہو سکتا ہے ۔




