شدید گرمی کا الرٹ جاری

لاہور (بیوروچیف) ملک بھر میں گرمی نے اپنے پنجے گاڑ رکھے ہیں، ماہرین نے شدید گرمی کا الرٹ جاری کر دیا ۔ نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (این ڈی ایم اے) کے مطابق آئندہ دنوں میں بیشتر علاقے شدید گرمی اور خشک موسم کی لپیٹ میں رہیں گے۔ ملک کے بڑے شہروں لاہور اور کراچی میں شدید گرمی کی لہر برقرار ، سورج کی تیز شعاعیں اور ہوا میں نمی کا تناسب شہریوں کیلئے مشکلات کا باعث بن رہا ہے۔محکمہ موسمیات کے مطابق دونوں شہروں میں موسم اگلے 24گھنٹوں تک گرم اور خشک رہنے کا امکان ہے جبکہ شہریوں کو غیر ضروری طور پر دھوپ میں نکلنے سے گریز کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔شہر لاہور میں ہوائیں چلنے کے باوجود گرمی کی شدت برقرار، شہر کا درجہ حرارت 38ڈگری سینٹی گریڈ تک جا پہنچا ہے،کم سے کم درجہ حرارت: 28ڈگری جبکہ زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت: 38ڈگری سینٹی گریڈ تک جانے کا امکان ہے۔۔ہوا کی رفتار 10 کلومیٹر فی گھنٹہ اور نمی کا تناسب 50 فیصد جبکہ آئندہ 24 گھنٹوں میں بارش کا کوئی امکان نہیں ہے۔شہر قائد میں گرمی کی شدت میں اضافہ، درجہ حرارت 39 ڈگری تک پہنچنے کا امکان ہے۔ شہر کا موجودہ درجہ حرارت 30 ڈگری، محسوس ہونے والا درجہ حرارت 36 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا جا رہا ہے۔نمی کی زیادتی کے باعث گرمی 49 ڈگری تک محسوس ہو سکتی ہے، مغربی سمت سے 20 سے 24 کلومیٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے ہوائیں چل رہی ہیں جبکہ ہوا میں نمی کا تناسب 78 فیصد ہے۔ماہرین کی شہریوں کو ہدایات کی ہیں کہ دن کے اوقات میں 11 بجے سے 3 بجے تک غیر ضروری طور پر باہر نہ نکلیں، زیادہ پانی اور مشروبات کا استعمال کریں۔ اس کے علاوہ باہر جاتے وقت دھوپ سے بچا کی تدابیر اپنائیں، جیسے چھتری، دھوپ کے چشمے اور سن اسکرین کا استعمال ہے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں