شمالی وزیرستان میں آپریشن،فتنہ الہندوستان کے 14خوارج ہلاک،وزیراعظم کا سکیورٹی فورسز کو خراج تحسین

دتہ خیل (مانیٹرنگ ڈیسک) سیکیورٹی فورسز نے 2اور 3جون کو شمالی وزیرستان کے علاقے دتہ خیل میں خفیہ اطلاعات کی بنیاد پر ایک اہم آپریشن کیا۔ کارروائی بھارتی پراکسی گروہ فتنہ الخوارج کے دہشت گردوں کی موجودگی کی اطلاع پر کی گئی۔پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق سیکیورٹی فورسز نے بھارتی سرپرستی میں کام کرنے والے خوارج کے ٹھکانے کو کامیابی سے نشانہ بنایا۔ اس دوران شدید فائرنگ کے تبادلے کے بعد 14 بھارتی سرپرست دہشت گرد ہلاک ہوئے۔آپریشن کے دوران علاقے میں کلیئرنس اور سینیٹائزیشن کی کارروائیاں بھی جاری ہیں تاکہ کسی بھی باقی ماندہ بھارتی ایجنٹ خارجی کو انجام تک پہنچایا جا سکے۔پاک فوج کے ترجمان کے مطابق پاکستان کی سیکیورٹی فورسز مادرِ وطن سے بھارتی سرپرستی میں چلنے والی دہشت گردی کے مکمل خاتمے کے لیے پرعزم ہیں، اور ایسے تمام فتنوں کو جڑ سے اکھاڑ پھینکنے تک آپریشن جاری رہے گا۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں