لاہور (بیوروچیف) پنجاب حکومت نے راولپنڈی کے شہریوں کو صاف پانی کی فراہمی کے بڑے منصوبے کی منظوری دے دی ہے۔ دادوچہ ڈیم پر سرفیس واٹر ٹریٹمنٹ پلانٹ اور واٹر سپلائی سسٹم تعمیر کیا جائے گا جس کی تکمیل سے راولپنڈی شہر و کینٹ کو 35ملین گیلن یومیہ اضافی پانی دستیا ب ہوگا۔ منصوبے پر 36ارب روپے لاگت کا تخمینہ لگایا گیا ہے جو دسمبر 2029تک مکمل ہوگا۔ کمشنر راولپنڈی کے مطابق دادوچہ ڈیم سے یومیہ 35 ملین گیلن صاف پانی سپلائی لائن میں شامل کیا جائیگا جس سے شہریوں کو پینے کا صاف اور محفوظ پانی میسر آئے گا۔ ڈیم کی تکمیل کے بعد واسا ایجنسی ٹرانسمیشن لائن اور واٹر سپلائی نیٹ ورک پر کام کرے گا۔واضح رہے کہ دادوچہ ڈیم کے تعمیراتی کام کی پراگراسس 92 فیصد تک پہنچ چکی ہے جس پر پنجاب اریگیشن ڈیپارٹمنٹ کے تحت کام جاری ہے تاہم ڈیم سے راولپنڈی تک 28کلو میٹر طویل ٹرانسمیشن لائن بچھانے واٹر فلٹریشن پلانٹ اور شہر و کینٹ کے درمیان پانی کی تقسیم کیلئے ڈسٹریبیوشن نیٹ ورک کو دسمبر 2029 تک مکمل کرلیا جائے گا۔راولپنڈی شہر کے ذمہ 18ارب کے اخراجات پنجاب حکومت ادا کرے گی جبکہ کینٹ ایریا کے ذمہ18ارب کے اخراجا ت وفاقی یا پنجاب حکومت نے برادشت کرنا ہیں ۔




