شہریوں کو معیاری اور مفت طبی سہولیات کی فراہمی اولین ترجیح ہے

ٹوبہ ٹیک سنگھ (نامہ نگار) وزیراعلی پنجاب مریم نواز شریف کی ہدایات پر عوام کو بہترین سہولیات کی فراہمی اور سرکاری اداروں کی کارکردگی کی موثر نگرانی کا سلسلہ جاری ہے۔ اس ضمن میں ڈپٹی کمشنر ٹوبہ ٹیک سنگھ ماہم آصف ملک نے چک نمبر 388ج ب کا دورہ کیا اور مختلف سرکاری اداروں، عوامی سہولیات اور ستھرا پنجاب مہم کے انتظامات کا تفصیلی جائزہ لیا۔ڈپٹی کمشنر نے گورنمنٹ گرلز ہائی سکول اور گورنمنٹ ایلیمنٹری سکول کا معائنہ کیا۔ انہوں نے کلاس رومز میں جاری نصابی سرگرمیوں کا جائزہ لیتے ہوئے طلبہ کا ہوم ورک اور کلاس ورک چیک کیا۔ اس موقع پر انہوں نے طلبہ اور اساتذہ سے ملاقات کی اور تدریسی و تعلیمی سرگرمیوں بارے معلومات حاصل کیں۔بعدازاں مریم نواز ہیلتھ کلینک کے مختلف وارڈز کا معائنہ کیا اور مریضوں سے ملاقات کرکے انہیں فراہم کی جانے والی طبی سہولیات بارے فیڈبیک حاصل کیا۔ فارمیسی میں ادویات کے ریکارڈ، دستیابی اور میعادِ استعمال چیک کی جبکہ کلینک میں صفائی کے انتظامات کا بھی تفصیلی جائزہ لیا۔ڈپٹی کمشنر نے ستھرا پنجاب مہم کے تحت فیلڈ میں موجود صفائی ٹیموں کی حاضری اور کارکردگی کا معائنہ کیا اور صفائی عملے کو گلیوں اور سڑکوں کی باقاعدہ صفائی یقینی بنانے کی ہدایت کی۔انہوں نے کہا کہ شہریوں کو معیاری اور مفت طبی سہولیات کی فراہمی اولین ترجیح ہے۔ فیلڈ ٹیموں کی حاضری اور کارکردگی کی موثر مانیٹرنگ جاری رکھی جائے گی۔ جبکہ صفائی مہم میں کسی بھی قسم کی کوتاہی برداشت نہیں کی جائے گی۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں